ایک اچھی مثال: ایک بار دہلی کے ایک کالج کے استاد نے بتایا کہ دہلی میں طلبہ کا ایک تقریری مقابلہ ہوا، اس میں مختلف کالجوں کے منتخب طلبہ اور طالبات نے شرکت کی۔ ہر طالب علم کو انگریزی زبان میں تقریر کرنا تھا۔ ان تقریروں میں جج کو جو بنیادی چیز دیکھنا تھا وہ طرزِ ادا یا طرزِ تقریر، یعنی ڈلیوری تھا۔ ڈاکٹر مرچنٹ کی لڑکی کا طرزِ تقریر سب سے زیادہ کامیاب تھا، چنانچہ اس کو پہلا انعام دیا گیا۔
اس کامیابی کا راز کیا تھا، اس کا جواب مجھے 26 اگست 2009 کو ملا۔ سائے انٹرنیشنل سینٹر، نئی دہلی میں ایک پروگرام کے دوران میری ملاقات ڈاکٹر آر کے مرچنٹ سے ہوئی۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور دہلی میں رہتے ہیں۔ ان سے ملاقات کے دوران ریٹائرڈ جنرل چھبر اور دوسرے کئی لوگ موجود تھے۔
ڈاکٹر مرچنٹ نے کہا کہ میرے گھر میں ٹی وی نہیں ہے، میں ریڈیو کے ذریعے خبریں سنتا ہوں۔ ان کی اس بات میں مجھے اس سوال کا جواب مل گیا کہ ان کے بچے کیوں تعلیم میں اتنا زیادہ کامیاب ہیں۔ اس سے پہلے میں ایک بار ڈاکٹر مرچنٹ کے گھر گیا ہوں۔ وہاں میں نے دیکھا تھا کہ ان کا گھر بہت سادہ ہے، ان کی دو لڑکیاں ہیں، دونوں خاموشی کے ساتھ لکھنے پڑھنے میں مشغول رہتی ہیں۔
ڈاکٹر مرچنٹ کے پاس ذاتی کار ہے، لیکن ان کی لڑکیاں ہمیشہ بس کے ذریعے اسکول جاتی ہیں۔ ان کے گھر میں ٹی وی کلچر کا کوئی نشان مجھے نظر نہیں آیا۔ یہی سادہ اور بااصول زندگی ڈاکٹر مرچنٹ کے بچوں کی کامیابی کا اصل سبب ہے۔ آج کل ہر باپ اپنی اولاد کی شکایت کرتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر باپ کو خود اپنی شکایت کرنا چاہیے۔
عام طور پر والدین یہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے گھر کے ماحول کو سادہ نہیں بناتے۔ ان کی سب سے بڑی خواہش یہ رہتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے ہر شوق کو پورا کر سکیں۔ وہ اپنے بچوں کو ٹی وی کلچر کا عادی بنا دیتے ہیں۔ یہی وہ چیز ہے جو گھروں کے بگاڑ کا اصل سبب ہے۔
اس بگاڑ کی تمام تر ذمہ داری والدین پر ہے، نہ کہ اولاد پر۔ کتاب "تربیت اولاد" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 10۔
اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔
Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.