Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tarbiat-e-Aulad
Tarbiat-e-Aulad

Kamiyabi ka tareeqa.

Urdu · 3 min

کامیابی کا طریقہ: ایک صاحب سروس کرتے تھے، ایک عرصے تک سروس کرنے کے بعد ان کو احساس ہوا کہ سروس کی آمدنی بچوں کی ترقی کے لیے کافی نہیں، اس لیے انہوں نے سروس چھوڑ دی اور ایک بزنس شروع کر دیا تاکہ وہ زیادہ کمائیں اور بچوں کو زیادہ ترقی دلا سکیں۔ مگر عملاً یہ ہوا کہ بزنس میں ان کو مطلوب کامیابی حاصل نہیں ہوئی، چنانچہ وہ ٹینشن میں مبتلا ہو گئے۔ آخر کار ان کو کینسر ہو گیا اور بچوں کے لیے زیادہ پیسہ کمانے سے پہلے وہ اس دنیا سے چلے گئے۔ اس طرح کا واقعہ مختلف صورتوں میں اکثر لوگوں کے ساتھ پیش آتا ہے، مگر وہ ہر ایک کے لیے تباہ کن ہے۔

ایسے لوگوں کے لیے صحیح طریقہ یہ ہے کہ وہ حقیقت پسند یعنی رئیلسٹ بنیں: وہ اپنی زندگی کا منصوبہ خود اپنی استطاعت کی بنیاد پر بنائیں، نہ کہ اپنی اولاد کے بارے میں اپنی امنگوں یعنی ایمبیشنز کی بنیاد پر۔ وہ بچوں کے مستقبل کی تعمیر کے معاملے کو خود بچوں پر چھوڑ دیں۔ وہ ایسا ہرگز نہ کریں کہ بچوں کی خاطر اپنے آپ کو تباہ کر لیں اور آخر کار خود بچوں کو بھی۔ بچوں کی ترقی کی سب سے بڑی ضمانت یہ ہے کہ خود ان کے اندر عمل کا جذبہ پیدا ہو، ان کے اندر داخلی اسپرٹ جاگے، وہ خود حالات کو سمجھیں اور حالات کے مطابق اپنی زندگی کی تعمیر کریں۔

ترقی وہ ہے جو آدمی کو خود اپنی محنت سے ملے؛ دوسروں کی طرف سے دی ہوئی ترقی کوئی ترقی نہیں۔ اس قسم کی خواہش رکھنے والے لوگ اکثر ناکام ہو جاتے ہیں۔ اس کا سبب کیا ہے؟ اس کا سبب یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں سے جذباتی تعلق کی بنا پر ایسی چیز کے خواہش مند بن جاتے ہیں جو منصوبۂ الٰہی کے مطابق ان کو ملنے والی نہیں۔

آدمی کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں وہ اپنے جذبات کے تحت کوئی فیصلہ نہ کرے، بلکہ وہ ایک حقیقت پسند انسان کی طرح حالات پر غور کرے اور فطرت کے قانون کی روشنی میں اپنے عمل کا نقشہ بنائے۔ یہی مطلب ہے اس اصول کا کہ اس دنیا میں کسی آدمی کو وہی ملتا ہے جو اللہ نے اس کے لیے مقدر کر دیا ہو، نہ اس سے زیادہ اور نہ اس سے کم۔ کتاب "تربیت اولاد" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 36۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.