Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tameer-e-Hayat
Tameer-e-Hayat

Shuoori Daryaft nahi

Urdu · 3 min

شعوری دریافت نہیں۔ ماہرالقادری، 1906 تا 1978، رسالۂ فاران کراچی کے ایڈیٹر تھے۔ اسی کے ساتھ وہ مشہور شاعر بھی ہیں؛ ان کا ایک شعر یہ ہے: "پہلے ہر شے کو ہم آواز کیا جاتا ہے، پھر کہیں نغمے کا آغاز کیا جاتا ہے۔ " یہ شعر زندگی کی ایک اہم حقیقت کو بتا رہا ہے، اور وہ یہ کہ ہر اقدام سے پہلے تیاری کی ضرورت ہوتی ہے۔

حالات موافق بنائے بغیر کوئی نتیجہ خیز عمل نہیں کیا جا سکتا۔ اجتماعی زندگی میں کسی واقعے کو ظہور میں لانے کے لیے ضروری ہے کہ پہلے مختلف اجتماعی عوامل کو اس کے موافق بنایا جائے۔ ماحول کو ہم آواز بنانے سے پہلے جو نغمہ چھیڑا جائے، وہ عملاً بے معنی شور ہوگا۔ وہ دلوں کو کھینچنے والا نغمہ نہیں بن سکتا۔

مگر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ماہرالقادری کے لیے یہ صرف ایک شاعرانہ نکتہ تھا۔ وہ ان کی فکری دریافت نہ تھی، کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ انہوں نے خود اپنی زندگی میں اس کے برعکس عمل کیا۔ پاکستان بننے کے بعد مولانا ابوالاعلیٰ مودودی نے وہاں ضروری معاشرتی حالات پیدا کیے بغیر "مطالبہ نظام اسلامی" کی ناکام مہم شروع کر دی۔ گویا انہوں نے چیزوں کو ہم آواز کیے بغیر نغمے کا آغاز کر دیا۔

مگر ماہرالقادری نے مولانا ابوالاعلیٰ مودودی کی اس بے فائدہ مہم میں ان کی پوری تائید کی، حالانکہ ان کے مذکورہ شعر کا تقاضا تھا کہ وہ ان پر تنقید کریں۔ بیشتر لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ مشاعرے کی سطح پر اچھی اچھی باتیں کہتے ہیں، مگر وہ حقیقی عمل کی سطح پر ان کو اختیار نہیں کر پاتے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ باتیں ان کی فکری دریافت نہیں ہوتیں؛ وہ موقع کی مناسبت سے ان باتوں کو لفظی طور پر بول دیتے ہیں، مگر وہ ان کے فکر کا حصہ نہیں ہوتیں۔ وہ ان کی سوچی سمجھی رائے نہیں ہوتیں، جس سے ہٹنا ان کے لیے ممکن نہ ہو۔

کسی بات کو شعوری فکر کے طور پر پانا ایک چیز ہے، اور تقریر یا تحریر میں لفظی طور پر اس کو بول دینا بالکل دوسری چیز۔ کوئی حقیقت اسی وقت آدمی کے ذہن کا جز بنتی ہے جبکہ وہ اس کو شعوری طور پر پائے، اور کوئی حقیقت آدمی کے عمل میں صرف اس وقت شامل ہوتی ہے جبکہ اس نے اس حقیقت کو شعوری طور پر پایا ہو۔ کتاب "تعمیر حیات" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 168۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.