Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tameer-e-Hayat
Tameer-e-Hayat

Tabahi ka Aaghaaz

Urdu · 3 min

تباہی کا آغاز: یوریپیڈیز، یوریپیڈیز، قدیم ایتھنز کا مشہور عالمیہ نگار شاعر ہے۔ وہ 484 قبل مسیح میں پیدا ہوا، اور کم عمری میں، 406 قبل مسیح میں اس کی وفات ہو گئی۔ اس کے ایک قول کا ترجمہ اس طرح کیا گیا ہے کہ "خدا جس کو تباہ کرنا چاہتا ہے، سب سے پہلے اس کو دیوانہ بنا دیتا ہے"۔ Whom God wishes to destroy, he first makes mad.

یہ بات نہایت درست ہے۔ اس کو دوسرے لفظوں میں اس طرح کہہ سکتے ہیں کہ جب کسی شخص یا قوم پر زوال آتا ہے تو اس کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بگڑ جاتی ہے، اور جب سوچنے کی صلاحیت بگڑتی ہے تو اس کے اقدامات بھی غلط ہو جاتے ہیں۔ اور جو لوگ غلط اقدامات کرنے لگیں، ان کو پھر کوئی چیز تباہی سے نہیں بچا سکتی۔ سوچ سمجھ کا بگڑنا کیا ہے؟

وہ یہ ہے کہ آدمی عقل کی روشنی میں رائے قائم کرنے کے بجائے جذبات کے تحت رائے قائم کرنے لگے۔ وہ اپنی زندگی کا منصوبہ حقائق کی رعایت کرتے ہوئے نہ بنائے، بلکہ اپنی آرزوؤں کے زیرِ اثر بنائے۔ وہ گرد و پیش کے دوسرے لوگوں سے بے خبر ہو جائے اور صرف اپنے آپ میں جینا شروع کر دے۔ وہ تاریخی قوتوں اور مادی اسباب کو نظر انداز کر دے اور محض اپنی خوش خیالیوں کی دنیا میں اپنا محل بنانے کی کوشش کر رہا ہو۔

یہ دنیا حقائق اور اسباب کی دنیا ہے۔ یہاں ایک انسان اور دوسرے انسان، اور اسی طرح ایک قوم اور دوسری قوم کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔ یہاں برتر ذہین اور برتر لیاقت کا ثبوت دینے کے بعد ہی کسی کو جینے کا حق ملتا ہے۔ یہاں وہی لوگ سب سے زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنی عقل کو سب سے زیادہ استعمال کریں، جو اپنی عقل سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔

کوئی شخص لمبے عرصے تک عیش و آرام میں رہے تو اس کی عقل مفلوج ہو جاتی ہے۔ کوئی قوم بہت دنوں حاکم بنی رہے تو اس کے بعد اس کی عقلی قوتیں جامد ہو کر رہ جاتی ہیں۔ یہی وقت افراد اور قوموں کے لیے عقلی زوال کا ہوتا ہے، اور عقلی زوال آخر کار عملی زوال کا سبب بن جاتا ہے۔ اب ضرورت ہوتی ہے کہ ان کی عقلی قوتوں کو دوبارہ جگایا جائے تاکہ اس کی روشنی میں وہ اپنا سفر طے کرنے کے قابل ہو سکیں۔

کتاب "تعمیر حیات" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 57۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.