نفاذِ اسلام کی تحریکیں موجودہ دور میں کیوں ناکام ہو رہی ہیں؟ پیر محمد امین، تراہ گام، کشمیر۔ جواب: اس ناکامی کا سبب یہ ہے کہ اسلامی قانون کے نفاذ کی تحریک چلانے والے رہنما ایک قدیم مثل کے مطابق گھوڑے کے آگے گاڑی باندھنا چاہتے ہیں۔ نفاذِ شریعت کے سلسلے میں پہلا کام یہ ہے کہ سیاسی تحریک چلانے سے پہلے فکری تحریک چلائی جائے، لوگوں کی ذہنی اصلاح کر کے ان کے اندر قبولیت کا مادہ پیدا کیا جائے، اور جب لوگوں میں قبولیت کا مادہ پیدا ہو چکا ہو، اس کے بعد قانون کا نفاذ کیا جائے۔
رسول اللہ نے عرب میں یہی تدریجی طریقہ اختیار فرمایا۔ موجودہ زمانے کا نام نہاد انقلابی طریقہ اسلامی طریقہ نہیں؛ وہ مارکس اور لینن کی تقلید ہے، نہ کہ پیغمبرِ اسلام کی تقلید۔ موجودہ قسم کی ہنگامہ آرائیوں سے نہ اسلامی قانون نافذ ہوا ہے اور نہ وہ آئندہ کبھی نافذ ہو سکتا ہے۔ اس قسم کی تحریکیں اسلام کی خدمت نہیں ہیں، بلکہ وہ صرف اسلام کو بدنام کرنے کا ذریعہ ہیں۔
کتاب "سوال و جواب" جلد اول، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 21۔
اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔
Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.