← Masaail-e-IjtihaadMasaail-e-Ijtihaad
Sohbat ka falsafa.
Urdu · 6 min
صحبت کا فلسفہ عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ پیغمبر اسلام کے اصحاب کو اسلام میں جو امتیازی درجہ ملا، وہ صحبتِ رسول کی بنا پر تھا۔ یہ بات بجائے خود صحیح ہے، مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ صحبت کوئی پراسرار یعنی mysterious چیز ہے۔ اور اس کی پراسرار تاثیر کے نتیجے میں اصحابِ رسول کو مجرد صحبت کی بنا پر خود بخود یہ فائدہ حاصل ہوا، یہ نظریہ علمی طور پر درست نہیں۔ وہ اس معاملے کی پوری توجیہ نہیں کرتا۔
مثلاً اس نظریے میں اس واقعے کی توجیہ موجود نہیں کہ مدینے کے سینکڑوں دوسرے لوگ، جو بظاہر ایمان لائے اور پیغمبر کی صحبت میں بار بار بیٹھے، مگر وہ آپ کی صحبت سے فیض حاصل نہ کر سکے اور اسلام کی تاریخ میں منافق کہلائے گئے۔ اصل یہ ہے کہ کسی انسان کے لیے اعلیٰ ایمان حاصل کرنے کا ذریعہ صرف ایک ہے، اور وہ ہے معرفت یا ذہنی ارتقاء۔ ایمان قبول کرنے کے بعد آدمی کے اندر معرفت کے رخ پر ایک تفکیری عمل یعنی thinking process جاری ہوتا ہے۔ یہ تفکیری عمل ہی دراصل کسی مومن کے لیے اعلیٰ ایمانی درجہ حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے۔
پیغمبر کی صحبت میں دراصل یہی تفکیری عمل جاری رہتا تھا، لوگ آپ کی باتوں کو سنتے، وہ آپ کی باتوں کو اپنے ذہن میں اس طرح جگہ دیتے کہ وہ ان کے ذہن میں ہلچل پیدا کر دیتا۔ اس طرح ان کے اندر تفکیر کا عمل مسلسل ہر صبح و شام جاری رہتا۔ رسول اللہ کی صحبت اس تفکیری عمل کا ذریعہ تھی، اس لیے اس کو صحبتِ رسول سے منسوب کیا گیا۔ تاہم پیغمبر کی باتیں سادہ طور پر صرف سننا کافی نہیں۔
پیغمبر کی باتیں صرف اس انسان کے لیے مفید بنیں گی جو receptive ہو، جو یکسو ہو کر سنے، اور پھر نفسیاتی پیچیدگیوں سے آزاد ہو کر اس کو قبول کر سکے۔ مخلص اہل ایمان میں یہ قبولیت یعنی receptivity پوری طرح موجود تھی، اس لیے ان کو صحبتِ رسول کا فائدہ حاصل ہوا۔ منافقین کے اندر یہ قبولیت موجود نہ تھی، اس لیے وہ صحبتِ رسول کے باوجود اس کا فائدہ نہ پا سکے۔ صحابیت کی تعریف یہ کی جاتی ہے کہ من رأى النبي صلى الله عليه وسلم مؤمناً به وما اتى على ذلك فهو صحابي یعنی جس شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حالتِ ایمان میں دیکھا اور اس پر اس کی موت واقع ہوئی، تو وہ صحابی ہے۔
یہ تعریف صحابیت کی ایک ناقص تعریف ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ صحبت کا مفہوم متعین کرنے کے لیے یہ دیکھنا ہوگا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں عملی طور پر صحبت کی صورت کیا تھی۔ وہاں ایسا نہ تھا کہ مجلس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش بیٹھے ہوں اور صحابہ بھی بعد از ایمان آپ کی صحبت میں خاموش بیٹھ کر صرف آپ کو دیکھتے رہتے ہوں۔ آپ کی صحبت میں ہمیشہ تفکر و تدبر کا سلسلہ جاری رہتا تھا۔
قرآن کے الفاظ میں یہ تعلیمِ حکمت کا ایک حلقہ ہوتا تھا۔ اس کے برعکس واقعات بتاتے ہیں کہ آپ کی صحبت ایک زندہ صحبت تھی۔ آپ ان لوگوں کے سامنے نعمتِ رب کی تحدیث فرماتے تھے، الضحیٰ۔ آپ حاضرین کو اس رزقِ رب سے باخبر کرتے تھے جس کی توفیق اللہ کو آپ کی طرف سے دی جاتی تھی، سورۃ طہٰ۔
آپ قرآن کی آیتوں کی تشریح فرماتے تھے، آپ لوگوں کے سوال کا جواب دیتے تھے، آپ وہ باتیں فرماتے تھے جس سے لوگوں کا شک یقین میں بدل جاتا تھا۔ آپ لوگوں کو ذکر و دعا اور حمد و شکر کے کلمات کی تعلیم دیتے تھے۔ آپ لوگوں کو قرآن کے نازل شدہ حصے سناتے تھے۔ آپ لوگوں کو پچھلے انبیاء اور پچھلے اہل ایمان کے پرتاثیر واقعات کی خبر دیتے تھے، وغیرہ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت میں بیٹھنے والے آپ سے اس قسم کی زلزلہ خیز باتیں سنتے تھے۔ آپ کی صحبت میں لوگوں کو اس طرح فکری ہلچل کی غذا ملتی تھی۔ آپ کی صحبت مکمل معنوں میں ایک زندہ صحبت تھی۔ آپ کی صحبت کا اس طرح زندگی بخش ہونا، وہ اصل سبب تھا جس نے آپ کے ہم زمانہ اہل ایمان کو وہ عظیم درجہ دے دیا جس کو تاریخ میں اصحابِ رسول کہا جاتا ہے۔
یہ فکری انقلاب کا ایک واقعہ تھا، نہ کہ سادہ طور پر صرف صحبت میں بیٹھنے کا۔ یہی معاملہ بعد کے دور کے علماء اور بزرگوں کا تھا۔ یہی معاملہ بعد کے دور کے علماء اور بزرگوں کا ہے۔ ان میں سے کسی کی صحبت میں پراسرار تاثیر نہیں۔
یہ معاملہ تمام تر صحبت میں بیٹھنے والوں اور وہاں کی باتیں سننے والوں کی اپنی استعداد پر منحصر ہے۔ جن افراد کے اندر مادہ قبولیت ہوگا، جن افراد کے اندر مادے قبولیت ہوگا، وہ صحبت کا فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ اور جن افراد کے اندر قبولیت کا مادہ نہ ہوگا، وہ فائدے سے محروم رہیں گے۔ اس تشریح کی روشنی میں صحابی کی زیادہ صحیح تعریف یہ ہونا چاہیے: جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حالتِ ایمان میں دیکھا اور آپ کی صحبت سے استفادہ کیا، اور اسی حال میں اس کی موت ہوئی، تو وہ صحابی ہے۔
کتاب مسائل اجتہاد مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 241۔