Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Masaail-e-Ijtihaad
Masaail-e-Ijtihaad

Hafiza ka masala.

Urdu · 3 min

حافظے کا مسئلہ: ایک صاحب ہیں جو اپنے ماضی کی بعض تلخ یادوں کی وجہ سے سخت پریشان رہتے ہیں، یہاں تک کہ اس کی وجہ سے ان کی صحت خراب ہو گئی ہے۔ ان کے سامنے میں نے ایک اردو شاعر کا ایک شعر پڑھا، وہ شعر یہ تھا: "یادِ ماضی عذاب ہے یا رب، چھین لے مجھ سے حافظہ میرا"۔ انہوں نے اس شعر کو سنتے ہی کہا کہ یہ بہت خوبصورت شعر ہے۔ ان کا تبصرہ سن کر میں نے کہا کہ میرے نزدیک تو یہ بہت بدصورت شعر ہے۔

پھر میں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ حافظہ ایک عظیم نعمت ہے، حافظے ہی کی وجہ سے ہم چیزوں کو جانتے اور پہچانتے ہیں۔ اگر یہ دعا قبول ہو جائے اور آدمی کا حافظہ ختم ہو جائے تو وہ بظاہر ایک انسان ہوگا، مگر اپنی حقیقت کے اعتبار سے وہ بھیڑ بکری سے بھی بدتر ہو جائے گا۔ میں کئی ایسے آدمیوں کو جانتا ہوں جن کا حافظہ بڑھاپے یا بیماری کی وجہ سے ختم ہو گیا تھا۔ ان کا حال یہ ہوا کہ وہ نہ کچھ بول سکتے تھے اور نہ کسی کو پہچانتے تھے۔

وہ بے بسی کی حالت میں چند سال اسی طرح زندہ رہے اور پھر مر گئے۔ اس معاملے میں سوچنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ آدمی حافظے کو ختم کرنے کے بجائے، حافظے کی ناخوشگوار باتوں کو خوشگوار بنانے کی کوشش کرے۔ وہ ان کا تجزیہ کر کے انہیں اپنے لیے غیر مؤثر بنا دے۔ مثلاً ایک شخص کے اوپر کسی آدمی کا قرض ہے، وہ قرض نہیں دے پا رہا ہے، اور اس بنا پر وہ غم میں گھل رہا ہے۔

ایسے آدمی کے لیے صحیح طریقہ یہ ہے کہ وہ قرض اور قرض کے غم کو ایک دوسرے سے الگ کر دے۔ وہ قرض کی ادائیگی کی تدبیر کرے، مگر وہ قرض کو اپنا غم نہ بنائے۔ وہ اپنے آپ کو اس سے بچائے کہ قرض کے مسئلے کے ساتھ ایک اور مسئلہ اس کی زندگی میں شامل ہو جائے، اور وہ ذہنی ٹینشن یعنی مینٹل ٹینشن ہے۔ جبکہ ٹینشن کا مسئلہ بلاشبہ قرض کے مسئلے سے زیادہ شدید ہے۔

قرض کا مسئلہ اگر صرف مسئلہ ہے تو ٹینشن ایک قسم کی ذہنی خودکشی ہے۔ کامیاب زندگی کا راز یہ ہے کہ آدمی اپنے آپ کو اس نادانی سے بچائے کہ وہ ایک چھوٹے مسئلے کو اپنے لیے زیادہ بڑا مسئلہ بنا لے۔ کتاب "مسائل اجتہاد" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 124۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.