Maulana Wahiduddin Khan
11 min left
0:00

← Kitaab-e-Marifat
Kitaab-e-Marifat

Jannat kis ke liye

Urdu · 11 min

جنت کس کے لیے؟ ایک تعلیم یافتہ غیر مسلم نے کہا کہ میں لوگوں کے درمیان اچھے اخلاق کے ساتھ رہتا ہوں، کبھی کسی کو تکلیف نہیں دیتا۔ میری کوشش یہ رہتی ہے کہ میں اپنے سماج کا اچھا ممبر بنوں، اس لیے مجھے یقین ہے کہ موت کے بعد مجھ کو جنت ملے گی۔ جب میں ایک اچھا انسان ہوں تو خدا مجھے جہنم میں کیوں ڈال دے گا؟

میں نے کہا کہ صرف اچھے اخلاق کی بنا پر کوئی شخص جنت میں نہیں جائے گا۔ جنت کیا ہے؟ جنت دراصل خدا کے پڑوس کا نام ہے۔ خدا اپنے پڑوس میں صرف ان لوگوں کو رہنے کی جگہ دے گا جو خدائی اخلاقیات کے حامل ہوں۔

صرف سماجی اخلاقیات کی بنا پر کوئی شخص جنت میں داخلے کا مستحق نہیں بن سکتا۔ اصل یہ ہے کہ ایک اخلاق وہ ہے جو انسان بمقابلہ انسان، یعنی مین ورسز مین، کی نسبت سے پیدا ہوتا ہے۔ اور دوسرا اخلاق وہ ہے جو انسان بمقابلہ خدا، یعنی مین ورسز گاڈ، کی نسبت سے پیدا ہوتا ہے۔ دونوں قسم کے اخلاق کا محرک بالکل الگ الگ ہے۔

انسان کی نسبت سے جو اخلاق کسی کے اندر پیدا ہوتا ہے، وہ دراصل سماجی اخلاق ہوتا ہے۔ اس کا محرک یہ ہوتا ہے کہ آدمی اپنے سماج کے اندر بے ضرر زندگی حاصل کر سکے، وہ لوگوں کی نظر میں اچھا بنا ہوا ہو، لوگ اس کو سماج کا اچھا ممبر سمجھیں۔ اس کے مقابلے میں خدا کی نسبت سے جو اخلاق پیدا ہوتا ہے، اس کا سرچشمہ دراصل معرفتِ خداوندی ہوتا ہے۔ ایک آدمی جب اپنے خالق کو دریافت کرتا ہے تو یہ دریافت اس کے ذہن کو بالکل بدل دیتی ہے۔

اس کی ربانی فطرت جاگ اٹھتی ہے۔ اس کے نتیجے میں اس کے اندر وہ تمام صفات پیدا ہو جاتی ہیں جن کو اعلیٰ انسانی اخلاق کہا جاتا ہے۔ انسان کی نسبت سے جو اخلاقیات پیدا ہوتی ہیں، وہ سماجی محرک کے تحت پیدا ہوتی ہیں۔ اس لیے سماج سے رشتہ ٹوٹنے کے بعد ان کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔

ایسا اخلاق وقتی مقصد کے لیے ہوتا ہے، اور وقت گزرنے کے ساتھ ہی وہ ختم بھی ہو جاتا ہے۔ اس کے مقابلے میں خدا کی نسبت سے جو اخلاقیات پیدا ہوتی ہیں، وہ ابدی محرک کے تحت پیدا ہوتی ہیں۔ ان کا رشتہ خدا کی ابدیت کے ساتھ جڑا ہوا ہوتا ہے۔ اس لیے ایسا انسان اس قابل ٹھہرتا ہے کہ وہ خدا کی ابدی جنت میں جگہ پائے۔

خدائی اخلاقیات دراصل خدا کی معرفت سے پیدا ہونے والے کردار کا نام ہے۔ مثلاً خدا خالق ہونے کی حیثیت سے اپنے بندوں کے ساتھ محبت کرتا ہے۔ اس لیے ایسا انسان دوسرے انسانوں سے محبت کرنے لگتا ہے۔ خدا یوم الحساب کا جج ہے۔

یہ عقیدہ ایسے آدمی کے اندر شدید محاسبہ، یعنی اکاؤنٹیبلٹی، کا احساس پیدا کرتا ہے۔ وہ ہر ایسے قول یا فعل سے بچنے لگتا ہے جس میں یہ اندیشہ ہو کہ خدا اس کو پکڑے گا اور اس کو سخت سزا دے گا۔ ایسے انسان کا ذہن یہ بن جاتا ہے کہ دینے والا بھی خدا ہے اور چھیننے والا بھی خدا۔ یہ احساس اس کے اندر کبر کی نفسیات کو مکمل طور پر ختم کر دیتا ہے۔

کسی انسان کو کم سمجھنا اس کے لیے ایک ایسی روش بن جاتی ہے جس کا وہ تحمل نہ کر سکے۔ پہلی قسم کے انسان کا اخلاق آزادانہ اخلاق ہوتا ہے، جبکہ دوسری قسم کے انسان کا اخلاق خدا کے ساتھ ابدیت کا تعلق قائم کرنے کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔ خلاصہ یہ کہ پہلی قسم کے انسان کا اخلاق دنیاوی اخلاق ہوتا ہے، اور دوسری قسم کے انسان کا اخلاق جنتی اخلاق۔ سماجی اخلاق ہمیشہ ایک حد پر پہنچ کر ختم ہو جاتا ہے، جبکہ خدائی اخلاق کا معاملہ ایک ایسا معاملہ ہے جس کی کبھی اور کسی حال میں کوئی حد نہیں آتی۔

ہر چیز کی ایک قیمت ہوتی ہے، اور جنت کی قیمت خدا کی معرفت ہے۔ معرفتِ خداوندی سے کمتر درجے کی کوئی چیز جنت کی قیمت نہیں بن سکتی۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ جنت کی تصغیر ہے کہ معرفتِ اعلیٰ سے کمتر کسی چیز کو جنت کی قیمت سمجھا جائے۔ معرفت کیا ہے؟

معرفت ریالائزیشن دراصل خدا کی دریافت، یعنی ڈسکوری، کا نام ہے۔ یہ نہ دکھائی دینے والے خدا کو بصیرت کی آنکھ سے دیکھ لینا ہے۔ یہ اعلیٰ شعور کا ایک ایسا درجہ ہے، جبکہ آدمی کے لیے خدا کے سوا ہر چیز غیر اہم بن جائے۔ جبکہ خدا کے سوا ہر چیز اپنی کشش کھو دے۔

جبکہ خدا ہی انسان کا سب سے بڑا کنسن بن جائے۔ یہ معرفت کوئی سادہ بات نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ معرفت کے اوپر شبہات، یعنی ڈاؤٹس، کے ہزاروں پردے پڑے ہوئے ہیں۔ جو آدمی شبہات کے ان پردوں کو پھاڑ سکے، وہی اس اعلیٰ یقین کے درجے تک پہنچتا ہے جس کو معرفت کہا جاتا ہے۔

معرفت کے متلاشی کو بہرحال اس امتحان میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ جو آدمی شبہات کے پردے کو پھاڑنے کے اس امتحان میں پورا اترے، وہی معرفتِ خداوندی کا تجربہ کر سکتا ہے۔ حصولِ معرفت کی حقیقی پہچان صرف ایک ہے، اور وہ داخلی ہے۔ یعنی یہ کہ آدمی خدا کو اس طرح پائے کہ وہ کامل طور پر اس کی فطرت کی آواز بن جائے۔

آدمی پیدائشی طور پر ایک متلاشی انسان ہے۔ آدمی پیدائشی طور پر حقیقتِ اعلیٰ کو دریافت کرنا چاہتا ہے۔ معرفت اسی تلاش کا جواب ہے۔ ایک بچہ اپنی ماں کی تلاش میں ہو تو اپنی ماں کو پا کر وہ اپنے پورے وجود کے ساتھ اس سے لپٹ جاتا ہے۔

یہی معاملہ صاحبِ معرفت کا ہے۔ جب کسی انسان کو حقیقی معنوں میں خدا کی معرفت حاصل ہوتی ہے، تو وہ اس کو پانے کے بعد اس طرح کامل طور پر اپنے خدا کے ساتھ جڑ جاتا ہے جس طرح ایک چھوٹا بچہ اپنی ماں کے ساتھ۔ معرفت کے معاملے میں کوئی بھی عذر، یعنی ایکسکیوز، قابلِ قبول نہیں۔ جو آدمی موجودہ دنیا میں معرفت کے حصول میں اندھا ثابت ہو، وہ آخرت میں بھی اندھا رہے گا۔

اس کا سبب یہ ہے کہ معرفت جب اپنے دلائل اور اپنی نشانیوں کے ساتھ سامنے آتی ہے تو کسی بینا انسان کے لیے ناممکن ہو جاتا ہے کہ وہ اس کو نہ پہچانے۔ اس کے اس کے وجود میں چھپا ہوا احساسِ معرفت کافی ہو جاتا ہے کہ وہ اس کو پہچاننے سے محروم نہ رہے۔ ایک بچے کی ماں غائب ہو اور پھر وہ اس کے سامنے آ جائے تو یہ ناممکن ہوتا ہے کہ بچہ اپنی ماں کو پہچاننے میں ناکام رہ جائے۔ بچے کے اندر ماں کی معرفت اتنی زیادہ قوی ہوتی ہے کہ اس کے لیے یہ ناممکن ہو جاتا ہے کہ اس کی ماں اس کے سامنے آ جائے اور وہ اس کو پہچاننے سے قاصر رہے۔

اسی طرح جب دلائل اور نشانیوں کے ذریعے خدا کی معرفت کسی آدمی کے سامنے کھل جائے تو وہ اس کا تحمل نہیں کر سکتا کہ وہ اس کو نہ پہچانے۔ جو بچہ اپنی ماں کو نہ پہچانے، وہ بلاشبہ اندھا ہے۔ وہ اپنی باہر کی آنکھ سے بھی محروم ہے اور اپنی اندر کی آنکھ سے بھی محروم۔ کتاب معرفت، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 488۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.