← Kitaab-e-MarifatKitaab-e-Marifat
Asmaye husna-Talash-e-fitrat ka jawab.
Urdu · 8 min
اسمائے حسنیٰ، تلاشِ فطرت کا جواب۔ اسمائے حسنیٰ کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ خدا کے یہ تمام نام انسان کی نسبت سے خدا کا تعارف ہیں۔ انسان فطری طور پر اپنے سے ایک برتر ہستی کو چاہتا ہے۔ نفسیاتی مطالعے سے یہ ثابت ہوا ہے کہ انسان پیدائشی طور پر ایک متلاشی حیوان، یعنی seeking animal ہے۔
انسان اپنے پورے وجود کے اعتبار سے ایک ذاتِ اعلیٰ کا متلاشی ہے، ایک ایسی اعلیٰ اور برتر ذات جو اس کی کمیوں کی تلافی کرے، جو اس کے جذبات اور احساسات کا مرکز و محور بن سکے۔ اسمائے حسنیٰ دراصل اسی سوال کا جواب ہیں۔ اسمائے حسنیٰ کا مطلب ہے صفاتِ حسنیٰ۔ خدا کی یہ صفات، جو اسمائے حسنیٰ کے ذریعے بتائی گئی ہیں، وہ علی الاطلاق حیثیت سے خدائے برتر کا تعارف نہیں ہیں، بلکہ وہ انسان کی نسبت سے اس کے مطلوب خدا کا تعارف ہیں۔
چنانچہ جب کوئی انسان ان اسمائے حسنیٰ کو ان کی پوری معنویت کے ساتھ جان لیتا ہے تو اچانک اس کو دریافت ہوتا ہے کہ وہ جس خدائے برتر کی تلاش میں تھا، اس کا تعارف اس کو اسمائے حسنیٰ کی صورت میں مل گیا۔ مثال کے طور پر اسمائے حسنیٰ میں سے ایک نام "الغنی" ہے۔ غنی کے لفظی معنی بے نیاز کے ہیں، یعنی وہ ہستی جس کو دوسروں سے کچھ لینے کی ضرورت نہ ہو، لیکن اس کو یہ طاقت ہو کہ وہ دوسروں کی تمام حاجتوں کو پورا کر سکے۔ یہ احساس ہر انسان کے اندر، شعوری یا غیر شعوری طور پر، چھپا ہوا ہے۔
اس کے بعد جب انسان اسمائے حسنیٰ کے ذریعے یہ جانتا ہے کہ خدا کی ایک صفت اس کا غنی ہونا ہے، تو فوراً ہی وہ جان لیتا ہے کہ وہ جس خدا کی تلاش میں تھا، اس کو اس نے یہاں دریافت کر لیا۔ یہی وہ حقیقت ہے جو قرآن کی اس آیت میں بتائی گئی ہے: يَا أَيُّهَا النَّاسُ أَنْتُمُ الْفُقَرَاءُ إِلَى اللَّهِ ۗ وَاللَّهُ هُوَ الْغَنِيُّ الْحَمِيدُ یعنی اے لوگو! تم اللہ کے محتاج ہو، اور اللہ تو بے نیاز ہے، تعریف والا ہے۔ سورہ نمبر 35، آیت 15۔
اسی طرح ایک اور جذبہ، جو سارے انسانوں کے اندر شعوری یا غیر شعوری طور پر پایا جاتا ہے، وہ یہ کہ ہر انسان یہ محسوس کرتا ہے کہ وہ ایک ایسی مخلوق ہے جو رزق کی محتاج ہے۔ رزق سے مراد وہ تمام چیزیں ہیں جن پر انسانی زندگی کا انحصار ہے۔ انسان ہر لمحہ یہ محسوس کرتا ہے کہ وہ بہت سی چیزوں کا ضرورت مند ہے: پانی، غذا، ہوا، آکسیجن، اور روشنی وغیرہ۔ یہ تمام چیزیں نہایت متناسب انداز میں اور نہایت وافر طور پر دنیا میں موجود ہیں۔
انسان فطری طور پر یہ جاننا چاہتا ہے کہ وہ کون ہے جو ان تمام ضروری چیزوں کو اس کے لیے مہیا کر رہا ہے، بغیر اس کے کہ وہ انسان سے اس کی کوئی قیمت طلب کر رہا ہو۔ انسان چاہتا ہے کہ وہ اپنے اس محسنِ اعلیٰ کے احسانات کا اعتراف کرے۔ وہ کامل اعتراف اور شکر کے جذبے سے اپنے آپ کو اس کے آگے بچھا دے۔ یہاں اسمائے حسنیٰ میں اس کو رہنمائی ملتی ہے۔
خدا کے ان ناموں میں سے ایک نام "الرزاق" ہے۔ انسان جب خدا کو رزاق کی حیثیت سے دریافت کرتا ہے تو اچانک اس کو محسوس ہوتا ہے کہ اس نے اپنی طلب کا جواب پا لیا۔ یہی وہ حقیقت ہے جس کو قرآن کی اس آیت میں بیان کیا گیا ہے: إِنَّ اللَّهَ هُوَ الرَّزَّاقُ ذُو الْقُوَّةِ الْمَتِينُ یعنی بے شک اللہ ہی رزق دینے والا، زورآور، زبردست ہے۔ سورہ نمبر 51، آیت 58۔
اسی طرح ہر انسان کی ایک اور ضرورت ہے موجودہ دنیا، جس میں انسان کو زندگی گزارنا ہے، وہ اس انداز سے بنی ہے کہ کوئی انسان اس کے اندر معیاری انداز میں نہیں رہ سکتا۔ اسی طرح انسان کے اندر بہت سی خواہشیں اور تمنائیں ہیں۔ ان خواہشوں اور تمناؤں کے زیرِ اثر ہر آدمی بار بار غلطیاں کر بیٹھتا ہے۔ ان حالات میں ہر انسان یہ سوچتا ہے کہ کیسے وہ اپنی غلطیوں کے احساس سے اپنے آپ کو بچائے۔
کس طرح ایسا ہو کہ وہ اپنے آپ کو ایک پاکیزہ روح کا درجہ دے سکے۔ یہاں اسمائے حسنیٰ میں وہ اپنے لیے تسکین کا سامان پا لیتا ہے۔ جیسا کہ معلوم ہے، خدا کا ایک نام "الغفور" ہے۔ غفور کے تصور میں انسان پوری طرح اپنے لیے ذہنی تسکین کا سامان پا لیتا ہے۔
قرآن کی یہ آیت اس معاملے میں انسان کی رہنما ہے۔ قُلْ يَا عِبَادِيَ الَّذِينَ أَسْرَفُوا عَلَى أَنْفُسِهِمْ لَا تَقْنَطُوا مِن رَّحْمَتِ اللَّهِ ۗ إِنَّ اللَّهَ يَغْفِرُ الذُّنُوبَ جَمِيعًا ۗ إِنَّهُ هُوَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ سورہ نمبر 39، آیت 53۔ یعنی کہو کہ اے میرے بندو! جنہوں نے اپنی جانوں پر زیادتی کی ہے، تم اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو۔
بے شک اللہ تمام گناہوں کو معاف کر دیتا ہے۔ وہ بڑا بخشنے والا، مہربان ہے۔ کتاب معرفت، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 351۔