Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Khatun-e-Islam
Khatun-e-Islam

Sunnat e rasool nahi

Urdu · 3 min

سنتِ رسول نہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے یہاں حضرت فاطمہ کے علاوہ 3 اور صاحبزادیاں تھیں جو بڑی ہوئیں اور پھر بیاہی گئیں، مگر مذکورہ جہیز بھی آپ نے صرف حضرت فاطمہ کو دیا۔ بقیہ صاحبزادیوں کو اس قسم کا کوئی جہیز نہیں دیا۔ اگر جہیز فی الواقع آپ کی مستقل سنت ہوتی تو آپ نے بقیہ صاحبزادیوں کو بھی ضرور جہیز دیا ہوتا، مگر تاریخ اور سیرت کی کتابوں میں نہیں ملتا کہ آپ نے بقیہ صاحبزادیوں کو بھی جہیز دیا ہو۔ یہ فرق خود ثابت کرتا ہے کہ مذکورہ جہیز، اگر اس کو جہیز کہا جا سکے، برِ بنائے ضرورت تھا، نہ کہ برِ بنائے رسم۔

حقیقت یہ ہے کہ حضرت علی جب چھوٹے تھے، اسی وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے والد یعنی ابو طالب سے کہہ کر ان کو اپنی سرپرستی میں لے لیا تھا۔ حضرت علی بچپن سے آپ کی زیرِ کفالت تھے، گویا حضرت علی ایک اعتبار سے آپ کے چچا زاد بھائی تھے اور دوسرے اعتبار سے آپ کے بیٹے کے برابر تھے۔ بچپن سے آپ کے تمام اخراجات کی فراہمی آپ کے ذمے تھی، اس لیے بالکل قدرتی بات تھی کہ نکاح کے بعد نیا گھر بسانے کے لیے آپ انہیں بطور سرپرست کچھ ضروری سامان دے دیں۔ اگر کوئی شخص یہ کہے کہ اسلام ایک ناقص دین ہے، اس میں زندگی کے تمام معاملات کے بارے میں احکام موجود نہیں، تو مسلمان ایسے شخص سے لڑنے کے لیے تیار ہو جائیں گے، مگر عملاً مسلمان اسی بات کا مظاہرہ کر رہے ہیں کہ اسلام ایک ناقص دین ہے، یا کم از کم یہ کہ اس کی ہدایات کے مقابلے میں دوسرے مذاہب کے طریقے زیادہ بہتر اور زیادہ قابلِ عمل ہیں۔

جہیز کے بارے میں مسلمانوں نے واضح طور پر ہندو طریقہ اختیار کر لیا ہے۔ اسی طرح شادی بیاہ کی دوسری رسوم، جو مسلمانوں میں رائج ہیں، وہ اسلام سے زیادہ دوسری قوموں کے طور طریقوں سے ماخوذ ہیں۔ اگر مسلمانوں کا یہ خیال ہو کہ اسلام کے کامل دین ہونے پر فخر کرنا ہی خدا کے یہاں ان کی مقبولیت کے لیے کافی ہے، تو اس سے بڑی غلط فہمی اور کوئی نہیں۔ کیونکہ یہود حضرت موسیٰ علیہ السلام کی شریعت پر فخر کرتے تھے، اس کے باوجود وہ خدا کے یہاں ملعون قرار دے دیے گئے۔

کتاب: خاتونِ اسلام، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 305۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.