Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Insani hamdardi

Urdu · 4 min

انسانی ہمدردی۔ حدیث میں آیا ہے کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم بھلائی کے کسی کام کو کم نہ سمجھو، خواہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ کشادہ پیشانی سے ملنا ہی کیوں نہ ہو۔ عن أبي ذرٍّ قال: قال لي النبي صلى الله عليه وسلم: "لا تحقرن من المعروف شيئًا، ولو أن تلقى أخاك بوجهٍ كريمٍ." صحیح مسلم، کتاب البرّ والصلة والأدب۔ بہتر سماج بہتر انسانوں سے بنتا ہے، اور بہتر انسان وہ ہے جو نفع بخش انسان ہو، جو اس طرح دنیا میں زندگی گزارے کہ وہ دوسروں کو دینے والا بنا ہوا ہو۔

اس کے پاس دوسروں کو دینے کے لیے اگر کوئی بڑی چیز ہو تو وہ انہیں بڑی چیز دے، اور اگر اس کے پاس دینے کے لیے کوئی بڑی چیز نہیں ہے تو وہ وہی چیز دے جو اس کے پاس موجود ہے۔ انسانیت کا خلاصہ خیرخواہی ہے: ایک انسان کے دل میں دوسرے انسان کے لیے ہمدردی اور خیرخواہی کا جذبہ ہو۔ یہی انسانیت کا اصل معیار ہے۔ جو انسان اپنے دوسرے بھائیوں کے لیے اپنے جذبات سے خالی ہو، وہ انسان ہی نہیں۔

وہ شکل کے اعتبار سے انسان ہے، مگر حقیقت کے اعتبار سے غیر انسان۔ جو انسان اپنے سینے میں دوسرے انسانوں کے لیے خیرخواہی کا جذبہ لیے ہوئے ہو، اس کا اظہار ہر لمحہ اور ہر موقع پر ہوتا رہے گا، حتیٰ کہ جس وقت بظاہر وہ انسانوں کے درمیان نہیں ہوگا، تب بھی اس کے سینے میں دوسروں کے لیے فکرمندی ہوگی۔ تب بھی وہ دوسروں کے لیے اچھی دعائیں کر رہا ہوگا۔ ایسا انسان جب دوسروں سے ملے گا تو اس کے دل کی خیرخواہی خندہ پیشانی کی صورت میں اس کے چہرے پر ظاہر ہو جائے گی۔

وہ راستے میں کوئی رکاوٹ دیکھے گا تو اس کو ہٹا دے گا، تاکہ کسی چلنے والے کو تکلیف نہ ہو۔ وہ کسی کو زخمی دیکھے گا تو اس کے علاج کی فکر کرے گا۔ وہ کسی کو ضرورت مند پائے گا تو وہ اپنی جیب سے اس کے اوپر خرچ کرے گا۔ سچا انسان اسی طرح نفع بخش بن کر جیتا ہے: وہ ایک طرفہ طور پر دوسروں کو فائدہ پہنچاتا ہے، خواہ دوسروں کی طرف سے اس کو کچھ بھی ملنے والا نہ ہو۔

اسلامِ تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 311۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.