Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Gumaan na karna

Urdu · 3 min

گمان نہ کرنا۔ حدیث میں آیا ہے کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تم گمان سے بچو، کیونکہ گمان سب سے بڑا جھوٹ ہے۔ عن أبي هريرة أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: "إياكم والظن، فإن الظن أكذب الحديث." صحیح مسلم، کتاب البرّ والصلة والأدب۔ اجتماعی زندگی میں بار بار ایسا ہوتا ہے کہ ناقص اور ادھوری معلومات کی بنا پر ایک مرد یا عورت کو دوسرے مرد یا عورت کے بارے میں بدگمانی ہو جاتی ہے۔

اس قسم کے مواقع پر یہ بے حد غیر ذمہ داری کی بات ہے کہ جو برا خیال دل میں آئے اس پر یقین کر لیا جائے، اور اس کے مطابق مذکورہ فرد کو برا سمجھا جانے لگے۔ اس قسم کی بدگمانی اپنی نوعیت کے اعتبار سے ایک جھوٹ ہے، اس لیے کہ آپ نے معاملے کے سارے پہلوؤں کو جانے بغیر، محض ناقص معلومات کی بنیاد پر، کسی کے بارے میں ایسی رائے قائم کر لی جو واقعے کے مطابق نہ تھی۔ جس طرح واقعے کے خلاف بات کہنا جھوٹ ہے، اسی طرح واقعے کے خلاف رائے بنانا بھی بلاشبہ جھوٹ ہے۔ صحیح انسان وہ ہے جس کا حال یہ ہو کہ جب اس کے سامنے گمان والی کوئی بات آئے تو وہ رائے قائم کرنے سے پہلے اس کی تحقیق کرے۔

وہ معاملے کے تمام متعلق پہلوؤں کو جاننے کے بعد کوئی رائے بنائے۔ تحقیق کے بغیر رائے قائم کرنا جھوٹی رائے قائم کرنا ہے، اور تحقیق کے بعد رائے قائم کرنا سچی رائے قائم کرنا ہے۔ اگر کسی کے پاس اتنا وقت نہ ہو کہ وہ معاملے کی پوری تحقیق کرے، تو اس پر لازم ہے کہ وہ اس معاملے میں خاموش رہے اور کسی کی بابت کسی بھی قسم کی کوئی رائے نہ بنائے۔ حدیث کے مطابق، کسی انسان کے لیے جس طرح بولنا ایک کام ہے، اسی طرح چپ رہنا بھی اس کے لیے ایک کام ہے۔

بولنا صرف اس شخص کے لیے جائز ہے جو بولنے کے تقاضے پورے کرے۔ جو آدمی بولنے کے تقاضے پورے نہ کر سکے، اس کے لیے یہاں چپ رہنا ہے، نہ کہ غیر ضروری طور پر بولنا۔ اسلامک تعارف: مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 303۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.