Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Husn-e-akhlaakh

Urdu · 4 min

حسنِ اخلاق حدیث میں آیا ہے کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ خدا کے نزدیک تول میں حسنِ اخلاق سے زیادہ باوزن کوئی اور چیز نہیں۔ عن أبي الدرداء، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: "ما من شيءٍ أثقل في الميزان من حسن الخلق". سنن ابی داؤد، کتاب الادب، باب فی حسن الخلق۔ باب فی حسن الخلق۔

اس بات کو دوسرے لفظوں میں اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ زندگی کے فطری نقشے میں سب سے اہم چیز اچھا اخلاق ہے۔ اچھا اخلاق انسانیت کا حسن ہے۔ کسی انسان کی انسانیت جب اپنی اعلیٰ صورت میں ظاہر ہوتی ہے تو اسی کا نام حسنِ اخلاق ہے۔ دریا کا حسن اس کی روانی میں ہے، پھول کا حسن اس کی خوشبو میں ہے، باغ کا حسن اس کی ہریالی اور تروتازگی میں ہے۔

اسی طرح انسان کا حسن یہ ہے کہ وہ جب لوگوں سے معاملہ کرے تو اس کے ہر معاملے میں بہتر اخلاق کی شان موجود ہو۔ حسنِ اخلاق یہ ہے کہ آپ جب کسی سے بات کریں تو آپ کی زبان سے میٹھا بول نکلے، خواہ دوسرے شخص نے آپ کو کڑوے الفاظ کا تحفہ دیا ہو۔ آپ جب لوگوں سے لین دین کریں تو آپ کا لین دین بد معاملگی سے خالی ہو۔ آپ کسی کی مدد کریں تو آپ اس پر احسان نہ جتائیں۔

کوئی آپ سے اپنا حق مانگے تو آپ اس سے سرکشی نہ کریں۔ جب بھی اور جہاں بھی آپ کا سابقہ لوگوں کے ساتھ پیش آئے تو آپ کی ہر روش میں تواضع کا انداز موجود ہو۔ خوش اخلاقی دوسروں کی رعایت کرنے کا نام ہے، اور بد اخلاقی اپنی رعایت کرنے کا نام۔ جو آدمی صرف اپنے آپ میں جیتا ہو، جس کو صرف اپنے فائدوں اور مصلحتوں کی خبر ہو، اس کا اخلاقی سلوک خود پسندی پر قائم ہوگا۔

اس کے برعکس جو آدمی اپنے دل میں دوسروں کی خیرخواہی لیے ہوئے ہو، جو دوسروں کے احترام کا جذبہ رکھتا ہو، جو دوسروں کے حقوق کی ادائیگی کو اپنا فرض سمجھتا ہو، اس کا ہر قول اور ہر عمل حسنِ اخلاق کے رنگ میں رنگا ہوا ہوگا۔ یہی وہ لوگ ہیں جن کا مجموعہ دنیا میں اچھا معاشرہ بناتا ہے، اور یہی وہ لوگ ہیں جو آخرت میں جنت کے باغوں میں داخل کیے جائیں گے۔ اسلامک تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 291۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.