Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Anjam ka lihaz

Urdu · 4 min

انجام کا لحاظ: حدیث میں آیا ہے کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم کسی کام کا قصد کرو تو پہلے اس کے انجام کے بارے میں سوچو۔ اگر وہ درست ہو تو اس کو کرو، اور اگر وہ درست نہ ہو تو اس سے رک جاؤ۔ إذا هممت بأمرٍ ففكر في عاقبته، فإن كان رشداً فانظه، وإن كان غياً فانتهِ عنه. ادب الدنیا و الدین، صفحہ 562۔

کائنات میں صرف خدا کی ہستی ایک ایسی ہستی ہے جس کو یہ طاقت حاصل ہے کہ وہ کوئی فعل کرے تو اسے اس کے برے انجام کا کوئی خوف نہ ہو۔ ولا يخاف عقباها. جہاں تک انسان کا تعلق ہے، وہ ایک محدود اور بے زور مخلوق ہے۔ اس کے لیے ایسی کارروائی ممکن نہیں جس میں اس کے انجام پر غور نہ کیا گیا ہو۔

اور اگر کوئی شخص ایسی کارروائی کرے تو اس کا برا نتیجہ سب سے زیادہ اسی کو بھگتنا پڑے گا۔ انسان ایک ایسی دنیا میں ہے جہاں اس کے جیسے دوسرے بہت سے انسان ہیں۔ ان میں سے ہر ایک اپنے اپنے اغراض کو پورا کرنا چاہتا ہے۔ اسی کے ساتھ مختلف قسم کی مادی طاقتیں ہیں جو خود اپنے قانون کے تحت عمل کر رہی ہیں۔

اس طرح گویا انسان ایک ایسی دنیا میں ہے جہاں اس کو مخالفین سے بھرے ہوئے ماحول میں اپنے مقصد کے لیے عمل کرنا ہے۔ ایسی حالت میں انسان کو کیا کرنا چاہیے؟ اس کا جواب صرف ایک ہے، اور وہ یہ کہ آدمی کوئی عمل شروع کرنے سے پہلے اس کے ہر پہلو پر غور کرے۔ وہ ایک طرف اپنی طاقت کا اندازہ کرے، اور دوسری طرف بے لاگ طور پر یہ دیکھے کہ خارجی دنیا میں کتنے اسباب اس کے موافق ہیں اور کتنے اسباب اس کے مخالف۔

آدمی کو چاہیے کہ اس طرح کے گہرے جائزے کے بعد وہ اپنے عمل کا منصوبہ بنائے۔ اگر آپ ایسا کریں کہ حالات کے گہرے جائزے کے بغیر اپنی کارروائی شروع کر دیں، تو عین ممکن ہے کہ آپ کا عمل الٹا نتیجہ پیدا کرے۔ نہ صرف یہ کہ آپ کو متوقع فائدہ حاصل نہ ہو، بلکہ اقدام سے پہلے آپ کو جو کچھ حاصل تھا وہ بھی غلط اقدام کے نتیجے میں تباہ ہو جائے۔ اس طرح کا انجام بھگتنے کے بعد اگر آپ اس کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرائیں تو یہ ایک غلطی پر دوسری غلطی کا اضافہ ہوگا۔

اس لیے کہ آپ کو جو نقصان ہوا وہ خود آپ کی غلطی کی قیمت تھی جو حالات نے بے رحمانہ طور پر آپ سے وصول کی۔ اسلام ایک تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 264۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.