Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Ilm ki talab

Urdu · 4 min

علم کی طلب۔ حدیث میں آیا ہے کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اچھا سوال کرنا آدھا علم ہے۔ حسن السؤال نصف العلم، أدب الدنيا والدين البصري. صفحہ 111۔

اچھا یا گہرا سوال کون کرتا ہے؟ یہ وہ شخص ہے جس نے اس مسئلے پر غور کیا ہے، جس کی بابت وہ سوال کر رہا ہے۔ مسئلے کے بارے میں اچھی واقفیت کے بغیر کوئی اچھا سوال نہیں کر سکتا۔ اچھا سوال اپنے آپ میں اس بات کا ثبوت ہے کہ آدمی علم کے نصف حصے کو پا چکا ہے، اور اب جواب دینے والے کا کام یہ ہے کہ وہ بقیہ نصف کے بارے میں بتا کر اس کی واقفیت کو مکمل کر دے۔

اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ دوسروں کے پاس علم کا جو ذخیرہ ہے، اس کو اپنے لیے حاصل کریں، تو سب سے پہلے اپنے آپ کو اس کے لیے تیار کرنا ہوگا۔ اپنی علمی استعداد کو بڑھانے کے بعد ہی آدمی اس قابل ہوتا ہے کہ وہ کسی دوسرے سے واقعی استفادہ کر سکے، یا کسی کی لکھی ہوئی کتاب کو پڑھ کر اس کی معلومات کو اپنے ذہن میں اتار سکے۔ سوال اور جواب، یا سیکھنا اور سکھانا، یہ ایک طرفہ عمل نہیں ہے، بلکہ وہ دو طرفہ عمل ہے۔ یعنی سوال کرنے والا یا سیکھنے والا ذہنی طور پر جتنا زیادہ تیار ہو، اتنا ہی زیادہ وہ جواب دینے والے یا سکھانے والے کی بات کو سمجھے گا اور اس سے فائدہ اٹھائے گا۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ ففٹی ففٹی کا معاملہ ہے۔ یعنی اگر آپ کے پاس علم کا نصف حصہ موجود ہو، تو اس کے بعد ہی یہ ممکن ہے کہ دوسرا شخص آپ کو علم کا بقیہ نصف حصہ دے سکے۔ یہ دو طرفہ معاملہ ہے، نہ کہ ایک طرفہ معاملہ۔ دنیا علم سے بھری ہوئی ہے۔

اس کا ایک دریا اہلِ علم اور اہلِ دانش لوگ ہیں۔ اس کا دوسرا دریا وہ کتابیں ہیں جو دنیا کے بہترین دماغوں نے لکھی ہیں، اور وہ چھپ کر کتب خانوں میں اکٹھا ہو گئی ہیں۔ اس کا تیسرا ذریعہ ہمارے سامنے پھیلی ہوئی کائنات ہے۔ اس کا ہر جز اپنے اندر معرفت کا ایک چھپا ہوا خزانہ لیے ہوئے ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص علم کا طالب ہو، وہ کسی بھی لمحہ، کسی بھی مقام پر اپنے لیے علم کا ایک کھلا ہوا خزانہ پا لے گا۔ شرط صرف یہ ہے کہ آدمی حقیقی معنوں میں علم کا طالب ہو، وہ اپنے اندر پانے کا استحقاق پیدا کر چکا ہو۔ اسلامک تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 261۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.