Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Nafa bakhshi

Urdu · 4 min

نفع بخشی۔ قرآن کی سورہ نمبر 13 میں ارشاد ہوا ہے کہ خدا نے آسمان سے پانی اتارا، پھر نالے اپنی اپنی مقدار کے موافق بہہ نکلے، پھر سیلاب نے ابھرتے جھاگ کو اٹھا لیا، اور اسی طرح کا جھاگ ان چیزوں میں بھی ابھر آتا ہے جن کو لوگ زیور یا اسباب بنانے کے لیے آگ میں پگھلاتے ہیں۔ اس طرح خدا حق اور باطل کی مثال بیان کرتا ہے۔ پس جھاگ تو سوکھ کر جاتا رہتا ہے، اور جو چیز انسانوں کو نفع پہنچانے والی ہے، وہ زمین میں ٹھہر جاتی ہے۔

اسی طرح خدا مثالیں بیان کرتا ہے۔ الراد 17۔ دنیا کے پیدا کرنے والے نے اس کا نظام نفع بخشی کے اصول پر قائم کیا ہے، یعنی جو چیز دوسروں کے لیے مفید ہو وہ یہاں باقی رہے، اور جو چیز اس اعتبار سے اپنی افادیت کھو دے وہ اسی طرح پھینک دی جائے جس طرح کوڑے کو بےکار سمجھ کر پھینک دیا جاتا ہے۔ نفع بخشی کا آغاز آدمی کے اپنے دماغ سے ہوتا ہے، یعنی آدمی دوسروں کا خیرخواہ ہو، وہ اپنے فائدے کے لیے سوچتے ہوئے یہ بھی اپنے دھیان میں رکھے کہ وہ دوسروں کے لیے کن صورتوں میں فائدہ پہنچانے والا بن سکتا ہے۔

دوسروں کے بارے میں اس کے اندر ہمدردی کا جذبہ ہو، نہ کہ بے تعلقی کا جذبہ۔ ہر آدمی سماج کے اندر زندگی گزارتا ہے۔ ہر آدمی کی سرگرمیاں سماج کے اندر جاری ہوتی ہیں۔ جس آدمی کا طریقہ یہ ہو کہ وہ اپنا فائدہ چاہے اور صرف اپنے ذاتی تقاضوں کو پورا کرنے میں مشغول رہے، وہ گویا فطرت کے نقشے کے خلاف کام کر رہا ہے۔

اور جو آدمی فطرت کے نقشے کے خلاف کام کرے، وہ خدا کی اس دنیا میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ صحیح طریقہ یہ ہے کہ آدمی اپنی زندگی کی تعمیر اس طرح کرے کہ اس میں دوسروں کا بھی حصہ ہو۔ فطرت کے نظام کو استعمال کر کے جب وہ کوئی فائدہ حاصل کرے تو اس نے دوسروں کو بھی اس میں ضرور شریک کیا ہو۔ اس کا اصول یہ ہو، اس کا اصول یہ ہو کہ اس کو لینے کے ساتھ دینا بھی ہے۔

دوسروں سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ دوسروں کو فائدہ پہنچانا بھی۔ کائنات میں بقا صرف باہمی افادیت کو حاصل ہے۔ خود غرضانہ رویے کے لیے اس کائنات میں کوئی جگہ نہیں۔ خدا کی اس دنیا میں یہی اصول انسان کے لیے بھی ہے اور بقیہ کائنات کے لیے بھی۔

اسلام ایک تعارف۔ مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 253۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.