← Islam ek Ta'arufIslam ek Ta'aruf
Padosi ka haq
Urdu · 5 min
پڑوسی کا حق؟ حدیث میں آیا ہے کہ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ خدا کی قسم وہ مومن نہیں ہے، خدا کی قسم وہ مومن نہیں ہے، خدا کی قسم وہ مومن نہیں ہے۔ لوگوں نے کہا کہ اے خدا کے رسول، کون؟ آپ نے فرمایا کہ وہ شخص جس کا پڑوسی اس کی زیادتیوں سے امن میں نہ ہو۔
قال رسولُ الله صلى الله عليه وسلم: "والله لا يؤمن، والله لا يؤمن، والله لا يؤمن". قيل: من يا رسول الله؟ قال: الذي لا يأمن جارُه ببائقه. بخاری، کتاب الادب، مسلم، کتاب الایمان۔
انسان ایک سماجی مخلوق ہے، وہ جہاں بھی رہتا ہے ایک سماج کے اندر رہتا ہے۔ حتیٰ کہ آدمی جب سفر کرتا ہے، اس وقت بھی کچھ لوگ اس کے ساتھی بن جاتے ہیں۔ یہ تمام لوگ انسان کے پڑوسی ہیں۔ اب ایک انسان وہ ہے جو لوگوں کے درمیان رہتے ہوئے ان کی پوری طرح رعایت کر رہا ہو۔
وہ ایسی بات نہ کہے جس سے لوگوں کے جذبات بھڑکیں۔ وہ ایسا کام نہ کرے جو اس کے قریبی لوگوں کے لیے مسئلہ پیدا کرنے والا ہو۔ وہ اپنی زندگی کے لیے سرگرم ہو، مگر اس طرح کہ اس کی سرگرمی دوسروں کے لیے نقصان یا پریشانی کا سبب نہ بنے۔ یہ وہ انسان ہے جس نے اپنے پڑوسی کا حق ادا کیا۔
دوسرا انسان وہ ہے جو صرف اپنی رعایت کرنا جانتا ہو۔ دوسروں کی رعایت سے اسے کوئی دلچسپی نہ ہو۔ ایسا انسان دوسروں کے لیے مستقل مسئلہ بنا رہے گا۔ وہ اپنے غیر محتاط بول سے دوسروں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائے گا۔
وہ ایسی کارروائیاں کرے گا جو دوسروں کا امن و سکون چھین لینے والی ہوں۔ وہ جب اپنا کوئی مقصد حاصل کرنا چاہے گا تو اس کے لیے وہ ایسی غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں کرے گا جو دوسروں کی زندگی میں خلل ڈالنے والی ہوں۔ ایسا انسان اپنے قریبی لوگوں کے لیے برا پڑوسی ہے۔ جو آدمی اپنے پڑوسی کے لیے اچھا ہو، وہی اچھا انسان ہے۔
اور جو آدمی اپنے پڑوسیوں کے لیے برا ہو، وہی برا انسان۔ اپنے فائدے کے لیے دوسرے کو نقصان پہنچانا بلاشبہ ایک جرم ہے۔ اور کون شخص اس جرم کا مجرم ہے، اس کو جاننے کا سب سے زیادہ یقینی ذریعہ اس آدمی کا پڑوس ہے۔ پڑوسی انسان گویا خدا کی عدالت ہے۔
جس انسان کے بارے میں اس کے پڑوسی اچھی رائے دیں، جس انسان کے بارے میں اس کے پڑوسی اچھی رائے رکھیں، وہ اچھا انسان ہے۔ اور جس انسان کو اس کے پڑوسی برا سمجھیں، وہ بلاشبہ برا انسان۔ کتاب اسلام ایک تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 203۔