Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Insani samaaj

Urdu · 4 min

انسانی سماج۔ قرآن کی سورہ نمبر 16 میں ارشاد ہوا ہے: بے شک اللہ حکم دیتا ہے عدل کا اور احسان کا، اور قرابت داروں کو دینے کا، اور اللہ روکتا ہے فحشا سے اور منکر سے اور سرکشی سے۔ اللہ تم کو نصیحت کرتا ہے تاکہ تم یاد دہانی حاصل کرو۔ النحل 90۔

انسان کو چاہیے کہ وہ خدا کی دنیا میں عدل کے ساتھ رہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک شخص کا جو حق دوسرے پر آتا ہے، وہ اس کو پوری طرح ادا کرے، خواہ صاحبِ حق کمزور ہو یا طاقتور، اور خواہ وہ پسندیدہ شخص ہو یا ناپسندیدہ۔ حقوق کی ادائیگی میں صرف حق کا لحاظ کیا جائے، نہ کہ دوسرے اعتبارات کا۔ احسان یہ ہے کہ حقوق کی ادائیگی میں عالی ظرفی کا طریقہ اپنایا جائے، انصاف کے ساتھ مروت کو جمع کیا جائے، قانونی دائرے سے آگے بڑھ کر لوگوں کے ساتھ فیاضی اور ہمدردی کا رویہ اختیار کیا جائے۔

آدمی کے اندر یہ حوصلہ ہو کہ حتی الامکان وہ اپنے لیے اپنے حق سے کم پر راضی ہو جائے، اور دوسرے کو اس کے حق سے زیادہ دینے کی کوشش کرے۔ ایتائز القرباء یہ ہے کہ آدمی جس طرح اپنی بیوی بچوں کی ضرورت کو دیکھ کر تڑپ اٹھتا ہے اور اس کو پورا کرتا ہے، اسی طرح وہ دوسرے قریبی لوگوں کی ضرورت کے بارے میں بھی حساس ہو۔ ہر صاحبِ استعداد شخص اپنے مال پر صرف اپنا اور اپنے گھر والوں ہی کا حق نہ سمجھے، بلکہ اپنے رشتہ داروں کے حقوق ادا کرنے کو بھی وہ اپنی ذمہ داری میں شامل کرے۔ یہ وہ تین کام ہیں جن کی ہدایت خدا نے انسان کو دی ہے۔

اب تین چیزیں ایسی ہیں جن سے خدا نے انسان کو روکا ہے۔ پہلی چیز فحشا ہے، اس سے مراد کھلی ہوئی اخلاقی برائیاں ہیں، یعنی وہ برائیاں جن کا برا ہونا خود اپنے ضمیر کے تحت ہر آدمی کو معلوم ہوتا ہے۔ دوسری چیز منکر ہے، اس سے مراد وہ نامعقول کام ہیں جو عام اخلاقی معیار کے خلاف ہیں۔ اس میں وہ تمام چیزیں شامل ہیں جن کو انسان عام طور پر برا جانتے ہیں۔

تیسری چیز بغی ہے، اس کے معنی ہیں حد سے تجاوز کرنا۔ اس میں ہر وہ سرکشی داخل ہے جبکہ آدمی اپنے واقعی حد سے گزر کر دوسرے شخص پر دست درازی کرے، وہ اپنے زور و اثر کو ناجائز فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کرنے لگے۔ اسلامک تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 109۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.