Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Akhlaaq

Urdu · 3 min

اخلاق، اخلاق سے مراد باہمی سلوک ہے؛ اخلاق اس برتاؤ کا نام ہے جو روزمرہ کی زندگی میں ایک آدمی دوسرے آدمی کے ساتھ کرتا ہے۔ اس اخلاق کا اصول کیا ہو؟ اس کا سادہ اصول یہ ہے کہ تم دوسروں کے لیے وہی چاہو جو تم اپنے لیے چاہتے ہو۔ تم دوسروں کے ساتھ ویسا ہی برتاؤ کرو جیسا برتاؤ تم اپنے لیے پسند کرتے ہو۔

ہر آدمی جانتا ہے کہ وہ میٹھے بول کو پسند کرتا ہے، اس لیے ہر آدمی کو چاہیے کہ وہ دوسروں سے بولے تو میٹھے انداز میں بولے۔ ہر آدمی چاہتا ہے کہ دوسرا اس کی راہ میں کوئی پرابلم نہ کھڑا کرے، اس لیے ہر آدمی کو چاہیے کہ وہ دوسروں کی راہ میں کوئی پرابلم کھڑا کرنے سے اپنے آپ کو بچائے۔ ہر آدمی چاہتا ہے کہ دوسرے لوگ اس کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کا معاملہ کریں، اس لیے ہر آدمی کو یہ کرنا چاہیے کہ جب بھی اس کا سابقہ دوسروں سے پڑے، وہ ان سے ہمدردی اور تعاون کا معاملہ کرنے کی کوشش کرے۔ اخلاق کا یہ معیار انتہائی سادہ اور فطری ہے۔

یہ اتنا سادہ ہے کہ ہر آدمی اس کو جان سکتا ہے، خواہ عالم ہو یا جاہل۔ حتیٰ کہ ایک اندھا یا معذور آدمی بھی نہایت آسانی کے ساتھ یہ سمجھ سکتا ہے کہ کیا چیز اس کے لیے پسندیدہ ہے اور کیا چیز ناپسندیدہ۔ اس حدیث نے انسانی اخلاق کا ایسا معیار دے دیا کہ جس کو سمجھنے سے کوئی شخص بھی عاجز نہیں ہو سکتا۔ اس طرح اسلام نے ہر آدمی کو اس کے اپنے ذاتی تجربے کی روشنی میں یہ بتا دیا کہ وہ لوگوں سے معاملہ کرنے میں کس قسم کا سلوک کرے اور کس قسم کا سلوک نہ کرے۔

حدیث میں ہے کہ لوگوں میں سب سے اچھا وہ ہے جس کا اخلاق سب سے اچھا ہو۔ اس کے مطابق اچھا انسان بننا کوئی پراسرار معاملہ نہیں۔ اس کا سادہ فارمولا یہ ہے کہ آدمی اپنے آپ کو دوہرے معیار سے بچا لے۔ ایسا کرنے کے بعد وہ اپنے آپ اعلیٰ انسانی اخلاق کا مالک بن جائے گا۔

اسلام ایک تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 28۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.