Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Bagh-e-Jannat
Bagh-e-Jannat

جنتیوں کا انتخاب

Urdu · 2 min

موجودہ امتحان کی دنیا میں انسانوں کو آزادی ملی ہوئی ہے، مگر انسان اپنی آزادی کا غلط استعمال کرتا ہے۔ اس نے خدا کی زمین کو ظلم و فساد سے بھر رکھا ہے، پھر خدا نے اتنی بڑی برائی کو کیوں گوارا کیا؟ صرف اس لیے کہ اس کے بغیر اس اعلیٰ نوع کا انتخاب نہیں کیا جا سکتا جو جنت میں بسائے جانے کے قابل ہو۔ اختیار اور آزادی کے ماحول ہی میں وہ انسان چنے جا سکتے ہیں جن کے متعلق خدا کے نگراں فرشتے یہ گواہی دیں کہ یہ وہ روحیں ہیں جنہوں نے مکمل اختیار رکھتے ہوئے اپنے کو خدا کے لیے بے اختیار کر لیا تھا۔

دنیا کی بے پناہ برائیاں دراصل ایک بے پناہ بھلائی کی قیمت ہیں۔ یہ بھلائی کہ انسانوں کے جنگل سے وہ سعید روحیں چھان کر نکالی جائیں جو پورے شعور اور مکمل ارادے کے ساتھ اپنے کو خدا کا تابعدار بنا لیں، جو محض حقیقت پسندی کی بنا پر خدا کی محکومی اختیار کریں، نہ کہ مجبوری کی بنا پر۔ یہ وہ انوکھی ہستیاں ہیں جن کو یہ موقع تھا کہ وہ حق کو جھٹلا دیں، مگر انہوں نے حق کو نہیں جھٹلایا۔ جن کو یہ اختیار حاصل تھا کہ وہ اپنی انا کا جھنڈا بلند کریں، مگر وہ اپنے کو پچھلی سیٹ پر بٹھا کر خدا کو صدر نشین بنانے پر راضی ہو گئے۔

جن کو یہ آزادی ملی ہوئی تھی کہ وہ اپنی قیادت کا گنبد کھڑا کریں، مگر انہوں نے اپنے گنبد کو خود اپنے ہاتھوں سے ڈھا دیا، اور صرف حق کو اونچا کرنے میں انہوں نے خوشی حاصل کی۔ اس قسم کی روحیں اس کے بغیر چنی نہیں جا سکتیں کہ ان کو مکمل آزادی کے ماحول میں رکھا جائے، اور آزادی کا حقیقی ماحول قائم کرنے کی ہر قیمت کو برداشت کیا جائے۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.