ایک تعلیم یافتہ مسلمان سے گفتگو ہوئی- گفتگو کا موضوع مصر کی سیاسی صورتِ حال تھی- مصر میں الیکشن ہوا اس کے بعد وہاں الاخوان المسلمون کے لیڈر ڈاکٹر محمد مرسی مصر کے منتخب صدر بن گئے- مگر ایک سال کے بعد مصرکی فوج نے ڈاکٹر مرسی کو قیادت سے ہٹادیا- اس کے بعد سے مصری فوج اور الاخوان المسلمون کے درمیان متشددانہ ٹکراؤ جاری ہے- اِس ٹکراؤ میں صرف جان ومال کا نقصان ہورہا ہے- اس کا کوئی مثبت نتیجہ اب تک سامنے نہ آسکا- اِس موضوع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مذکورہ مسلمان نے کہا کہ الاخوان المسلمون دہشت گرد تنظیم نہیں ہے:
Muslim Brotherhood is not a terrorist organization
میں نے کہا کہ آپ کا یہ تبصرہ درست نہیں- آپ کے بیان کے مطابق، الاخوان المسلمون کا کیس اسلام کا کیس ہے- وہ مصر میں اسلام لانا چاہتے ہیںاور دشمن طاقتیں ان کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہیں- میں نے کہا کہ قرآن میں واضح طورپر بتایا گیا ہے کہ اللہ ہمیشہ اہلِ ایمان کے ساتھ ہوتاہے- پھر اگر الاخوان المسلمون کا کیس اسلام کا کیس ہے تو اللہ کی مدد ان کے لیے کیوں نہیں آتی- ایسی حالت میں زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ یہ کہاجائے کہ اللہ نے الاخوان المسلمون کے دشمن کے مقابلے میں ان کی حمایت نہیں کی:
God is not at the side of Muslim Brotherhood.
اللہ نے اِس دنیا کو پیدا کیا ہے، وہی اِس دنیا کو چلا رہا ہے- اِس دنیا کا چلانے والا کوئی انسان نہیں ہے، بلکہ اللہ رب العالمین براہِ راست طورپر اِس دنیا کی تنظیم کررہا ہے، اِس لیے دنیا میں پیش آنے والے واقعات کی توجیہہ کے لیے آدمی کو یہ کرنا چاہیے کہ وہ دنیا کے بارے میں قانونِ خداوندی کو دریافت کرے اور اس کی روشنی میں دنیا میں ہونے والے واقعات کی توجیہہ کرے- اِس کے سوا کوئی اور طریقہ انسان کو درست رائے تک نہیں پہنچا سکتا- دوسرا طریقہ اندھیرے میں بھٹکنے کا راستہ ہے، نہ کہ روشنی میں سفر کرنے کا راستہ-
اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔