Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Al-Risala February 2013
Al-Risala February 2013

بہتر گھر، بہتر سماج

Urdu · 2 min read

حضرت عائشہ کی ایک روایت کے مطابق، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: خیرکم خیرُکم لأہلہ، وأنا خیرکم لأہلی (سنن الترمذی، رقم الحدیث: 3895) یعنی تم میں سب سے اچھا وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سے اچھا ہو اور میں اپنے گھر والوں کے لیے تم میں سب سے اچھا ہوں-

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

خاندان کسی سماج کا ایک یونٹ ہے- خاندانوں کے مجموعے ہی کا دوسرا نام سماج ہے- اگر خاندان بہتر ہوگا تو سماج بھی بہتر ہوگا- اور اگر خاندان بہتر نہ ہو تو سماج بھی بہتر نہیں ہوسکتا-ہر شخص کسی خاندان میں پیداہوتا ہے- گویا کہ گھر، خاندان یا سماج کی پہلی تربیت گاہ ہے- اِس لیے اگر کسی سماج کو بہتر بنانا ہے تو خاندان کو بہتر بنانا ہوگا-

تعلیم کی دو قسمیں ہیں — رسمی تعلیم (formal education)، اور غیر رسمی تعلیم (informal education) - رسمی تعلیم کا ادارہ آدمی کو جاب (job) کے لیے تیار کرتا ہے اور غیررسمی تعلیم کا ادارہ سماج کے لیے بہتر افراد بنانے کا ذریعہ ہے- اسکول اور کالج رسمی تعلیم کے ادارے ہیں اور خاندان غیر رسمی تعلیم کے ادارے-سماج کے اندر وسیع تر دائرے میں مثبت اور منفی نوعیت کے جو تجربات ہوتے ہیں، وہ تمام تجربات گھر کے اندر محدود دائرے میں ہوتے ہیں- گھر کے اندر کسی عورت یا مرد کو یہ سیکھنا ہے کہ جب گھر کے کسی فرد سے اس کو تکلیف پہنچے تو وہ اُس کو بھلا دے- اِسی طرح جب گھر کے کسی فرد سے اس کو کوئی فائدہ پہنچے تو وہ دل سے اس کا اعتراف کرے-

جو لوگ اپنے گھر کے اندر اِس طرح کی تربیت حاصل کریں، وہ جب گھر سے نکل کر سماج میں داخل ہوں گے تو وہاں بھی وہ دوسروں کے ساتھ اِسی طرح کا برتاؤ کریںگے- وہ ناخوشگوار باتوں کو بھلائیں گے اور خوش گوار باتوں پر دوسرے کے سلوک کا اعتراف کریں گے- یہی وہ لوگ ہیں جو اخلاقی اعتبار سے بہترین لوگ ہیں- ایسے ہی افراد کسی سماج کو بہتر سماج بناتے ہیں-

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content