← Al-Risala December 2014Al-Risala December 2014
دعوت کی توسیع
Urdu · 3 min read
کسی مشن کے دو دور ہوتے ہیں— استحکام (consolidation) اور توسیع (expansion) - الرسالہ کا دعوتی مشن اللہ کے فضل سے استحکام کے دور سے گزر کر اب توسیع کے دور میں داخل ہوگیاہے- نہ صرف انڈیا میں بلکہ دوسرے ملکوں میں بار بار اس کی مثالیں سامنے آرہی ہیں-
اس کی ایک مثال یہ ہے کہ 13 اکتوبر 2014 کی صبح کو ممبئی سے محبوب بھائی (Mob: 9619163993) کا ٹیلیفون آیا- ممبئی میں پہلے شہر میں دعوتی کام شروع ہوا، اس کے بعد ممبئی کی ٹیم نے مہاراشٹر اسٹیٹ کے دوسرے مقامات کے لئے دعوتی سفر شروع کیا- یہ منصوبہ کامیاب رہا- اب ممبئی کی ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دعوتی توسیع کے اس کام کو ملکی سطح پر چلائیں گے- اس نئے پروگرام کے تحت ممبئی کی ٹیم جلد ہی کلکتہ جانے والی ہے- اس خبر پر مجھے بہت خوشی ہوئی، اور میں نے ان کے لئے دعائیں کیں- خاص بات یہ ہے کہ یہ تمام پروگرام وہ لوگ کسی مرکزی ہدایت کے بغیر کررہے ہیں- یہ کسی مشن کے زندہ مشن ہونے کا ثبوت ہے-
میں نے محبوب بھائی سے کہا کہ آپ لوگ اسی طرح دعوتی توسیع کے میدان میں آگے بڑھئے، اِن شاء اللہ جلد ہی وہ وقت آئے گا جب کہ آپ لوگ عالمی (global) سطح پر دعوت کا یہ کام انجام دیں گے- میں نے کہا کہ حیدرآباد میں ہمارے ایک ساتھی بابو بھائی (وفات: 1987) تھے، الرسالہ مشن سے ان کو نہایت گہرا تعلق تھا- وہ اپنے ساتھیوں سے کہتے تھے کہ دعوت کا منصوبہ آپ لوگ بنائیے، پیسہ مجھ سے لے جائیے- میں نے کہا کہ یہی بات بے شمار گنا زیادہ بڑے پیمانے پر اللہ رب العالمین کے لئے درست ہے- قرآن میں بتایا گیا ہے کہ اللہ داعیانِ حق کی مدد کرتا ہے-
unverifiedAttribution could not be verified automatically
قرآن کی ایک آیت یہ ہے: ولینصرن اللہ من ینصرہ (الحج: 40) اور بے شک اللہ ضرور اس کی مدد کرے گا جو اللہ کی مدد کرے-قرآن کی اس آیت میں اللہ کی جس نصرت کا ذکر ہے، اس سے مراد دعوت الی اللہ ہے- دعوت الی اللہ، اللہ رب العالمین کا سب سے زیادہ محبوب کام ہے- اس بناپر اس کام کو اللہ نے اپنی مدد کرنا بتایا ہے-
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
دعوت الی اللہ کے کام کو اللہ کی مدد کرنا بتایا گیاہے، اس پہلو سے غور کیجئے تو یہ کہنا درست ہوگاکہ قرآن کی اس آیت کے ذریعہ اللہ یہ اعلان کررہا ہے کہ— اے بندے، تو دعوت کی پلاننگ کر، مددگار اسباب میری طرف سے تمھارے اوپر انڈیل دئے جائیں گے- محبوب بھائی سے میں نے کہا کہ ممبئی کو انڈیاکی کمرشیل راجدھانی کہاجاتا ہے- شاید اللہ نے یہ مقدر کردیا ہو کہ ممبئی دعوت الی اللہ کے کام کی دعوتی راجدھانی بنے- موجودہ کمیونی کیشن کے زمانے میں یہ بات پوری طرح ممکن ہے- اس کے ممکن ہونے میں کسی شک کی گنجائش نہیں-
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
الرسالہ کا دعوتی مشن پورے معنوں میں ایک مشن ہے، لیکن اس کی کوئی فارمل تنظیم (formal organisation) نہیں- اس مشن سے وابستہ لوگ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں، اور ہر ایک ذاتی جذبہ (self spirit) کے تحت کام کررہا ہے- ہر ایک اس طرح کی سرگرمی کے ساتھ کام کررہا ہے، گویا کہ یہ اس کا ذاتی کام ہے-
ابتدائی زمانے کا واقعہ ہے، میں ایک عرب ملک میں تھا، وہاں ایک عرب شیخ نے پوچھا کہ آپ کا برنامج (پروگرام) کیا ہے- میں نے کہا: برنامجنا ہو إعداد المبرمجین (ہمارا پروگرام، پروگرام ساز انسان بناناہے)-
اللہ کے فضل سے آج یہ بات واقعہ بن چکی ہے- الرسالہ مشن کے افراد مختلف ملکوں میں پھیلے ہوئے ہیں- معروف معنوں میں ان کا کوئی تنظیمی ڈھانچہ نہیں- وہ رسمی طورپر کسی مرکزی ہدایت سے بندھے ہوئے نہیں- اس کے باوجود ہر ایک سرگرم ہے-
اس کا سبب یہ ہے کہ الرسالہ مشن کوئی سیاسی مشن نہیں- الرسالہ مشن لوگوں کو جنت کی طرف بلانے کا مشن ہے- الرسالہ مشن قرآن کی اِس آیت کی یاددہانی ہے کہ لمثل ہذا فلیعمل العاملون (الصافات: 61)- اس جنتی نشانہ نے الرسالہ مشن کو ہر ایک کے لئے اس کے ذاتی انٹرسٹ کی چیز بنا دیا ہے-
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it