Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tarbiat-e-Aulad
Tarbiat-e-Aulad

Choti baat par intehai faisla.

Urdu · 3 min

چھوٹی بات پر انتہائی فیصلہ۔ کامیاب زندگی کا ایک راز یہ ہے کہ چھوٹی بات پر انتہائی فیصلہ نہ لیا جائے۔ اجتماعی زندگی میں چھوٹی شکایتیں ہمیشہ پیش آتی ہیں۔ دانشمند وہ ہے جو چھوٹی شکایتوں کو نظرانداز کرے، اور نادان آدمی وہ ہے جو چھوٹی شکایت پر مشتعل ہو جائے اور اس کی بنیاد پر انتہائی فیصلہ لینے لگے۔

اسی نوعیت کا ایک مشہور واقعہ وہ ہے جو سنڈے ٹائمز لندن کے حوالے سے نئی دہلی کے انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیا میں 17 اگست 2009 کو شائع ہوا ہے۔ لیبیا کے حکمران معمر القذافی کے 33 سالہ بیٹے ہنیبال جنیوا، سوئٹزرلینڈ گئے۔ وہاں وہ ایک ہوٹل میں ٹھہرے، ان کے ساتھ ان کی بیوی العین بھی تھی۔ ایک بار ایسا ہوا کہ ہوٹل کی ایک تونیسی ملازمہ مونا کی کسی بات پر العین کو غصہ آ گیا۔

العین نے اس کو مارا اور دھمکی دی کہ "میں تم کو ہوٹل کی کھڑکی سے باہر پھینک دوں گی"۔ اس واقعے کی خبر مقامی پولیس کو ہوئی۔ پولیس نے ہنیبال اور العین کو گرفتار کر لیا، اگرچہ جلد ہی ان کو رہا کر دیا گیا۔ لیکن اس واقعے کی خبر جب ہنیبال کے والد معمر القذافی کو پہنچی تو اس کو انہوں نے اپنی بے عزتی، یعنی ہیومیلیشن، سمجھا۔

وہ سخت غضب ناک ہو گئے۔ انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف کئی سخت اقدامات کیے: سوئٹزرلینڈ سے ہوائی سروس منقطع کرنا، سوئٹزرلینڈ کی کئی کمپنیوں کے لیبیا میں موجود دفتروں کو بند کر دینا، وغیرہ۔ حتیٰ کہ انہوں نے کہا: "If I had an atomic bomb, I would wipe Switzerland off the map." یہ واقعہ چھوٹی شکایت پر انتہائی اقدام کی ایک مثال ہے۔ اس قسم کا اقدام ہمیشہ الٹا نتیجہ پیدا کرتا ہے، خواہ کوئی معمولی آدمی ہو یا کوئی بڑا آدمی۔

کوئی بھی اس قسم کے انتہائی اقدام کے منفی نتائج سے بچ نہیں سکتا۔ جلد یا بدیر آدمی کو اپنی غلطی کا احساس ہو جاتا ہے، لیکن بعد کو اس کی تلافی ممکن نہیں ہوتی۔ طلاق کے واقعے سے لے کر قومی جنگ تک ہر معاملے میں اس کی مثالیں موجود ہیں۔ کتاب "تربیت اولاد" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 49۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.