← Tameer-e-shakhsiyat kamiyaab zindagi ka formulaTameer-e-shakhsiyat kamiyaab zindagi ka formula
Sabr-o-shukr
Urdu · 5 min
صبر و شکر۔ ایک روایت کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مومن کا معاملہ بڑا عجیب ہے، اس کا ہر معاملہ اس کے لیے خیر ہے، اور ایسا مومن کے سوا کسی اور کے لیے نہیں۔ اگر اس کو آرام ملتا ہے تو وہ شکر کرتا ہے، پس وہ اس کے لیے خیر بن جاتا ہے۔ اور اگر اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے، پس وہ اس کے لیے خیر بن جاتا ہے۔
عن سهيب قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "عجبًا لأمر المؤمن إن أمره كله خير، وليس ذلك لأحد إلا للمؤمن إن أصابته سرّ أو شكر فكان خيرًا له وإن أصابته ضراء صبر فكان خيرًا له." صحیح مسلم، حدیث نمبر 2999۔ The affair of the believer is truly strange: every situation proves good for him, and this is special to a believer alone if he finds himself in a pleasant situation. He is thankful to God, and that is good for him if he is faced with unpleasant situation; he keeps patience and again that is good for him. مومن کے ساتھ دو طرفہ خیر کا یہ معاملہ کسی پراسرار سبب سے نہیں ہوتا، وہ مکمل طور پر ایک معلوم سبب کے تحت پیش آتا ہے۔
اصل یہ ہے کہ مومن اس انسان کا نام ہے جس کو دریافت کی سطح تک خدا کی معرفت حاصل ہوئی ہو۔ ایسے انسان کے اندر ایک ذہنی انقلاب آ جاتا ہے، اس کے اندر شعوری بیداری کی صفت پیدا ہو جاتی ہے۔ وہ اس قابل ہو جاتا ہے کہ معاملات اور تجربات کو حقیقت کی نظر سے دیکھے۔ وہ وقتی جذبات سے بلند ہو کر معاملے کی گہرائی کو سمجھ سکے۔
مومن اپنی اس حقیقت شناسی کی بنا پر اس قابل ہو جاتا ہے کہ وہ جس تجربے سے بھی گزرے، وہ اس کو مثبت نتیجے میں تبدیل کر سکے۔ وہ ہر واقعے میں خدا کی کارفرمائی کو دیکھے۔ وہ ذاتی تجربے کو خدا کے تخلیقی نقشے میں رکھ کر دیکھ سکے۔ مومن کی یہی وہ صفات ہیں جو اس کے اندر یہ بامعنی صلاحیت پیدا کر دیتی ہیں کہ اس کو جب خوشی اور راحت کا تجربہ ہو تو وہ سرکش نہ بن جائے۔
وہ اس کو خدا کا عطیہ سمجھ کر خدا کی خدائی کا اعتراف کرے۔ اسی اعترافِ خداوندی کا نام شکر ہے۔ شکر بلاشبہ ایک عظیم عبادت ہے۔ تاہم دنیا کی زندگی میں آدمی کو ہمیشہ خوشگوار تجربے نہیں ہوتے۔
بار بار ایسا ہوتا ہے کہ آدمی کو ناخوشگوار تجربات سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس وقت مومن کی شعوری بیداری اس کو اس سے بچا لیتی ہے کہ وہ اس پر شکایت یا فریاد کرنے لگے۔ وہ ناخوشگوار تجربے کو خدا کے تخلیقی نقشے کے مطابق سمجھتا ہے۔ وہ ناخوشگوار تجربے کو ایک فطری عمل سمجھ کر اس سے یہ یقین حاصل کرتا ہے کہ یہ ایک وقتی چیز ہے۔
حالات یقینا بدلیں گے، اور وہ جلد ہی مجھ کو زیادہ بہتر زندگی عطا کریں گے، خواہ آج کی دنیا میں یا آج کے بعد بننے والی دوسری ابدی دنیا میں۔ حقیقت یہ ہے کہ صبر بھی شکر ہی کی ایک صورت ہے۔ ناخوشگوار صورتحال کو رضامندی کے ساتھ قبول کرنا، اور اس کو خدا کی طرف سے آیا ہوا مان کر مثبت ذہن کے تحت اس کا استقبال کرنا، یہی صبر ہے۔ اور یہ صبر ہمیشہ شاکرانہ قلب سے ظاہر ہوتا ہے۔
ناشکری سے بھرا ہوا دل کبھی صبر کا ثبوت نہیں دے سکتا۔ تعمیر شخصیت مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 244۔