Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tameer-e-Hayat
Tameer-e-Hayat

Haar ko Maanna

Urdu · 3 min

ہار کو ماننا۔ اپنی ہار کو ماننا اس عزم کا اظہار ہے کہ آدمی پھر سے محنت کر کے اپنی کھوئی ہوئی بازی کو دوبارہ جیتنا چاہتا ہے۔ ہارنے کے بعد ہار کو مان لینا، دوبارہ جیت کی طرف سفر کرنے کا پہلا قدم ہے۔ اگر آپ ہارنے کے بعد اپنی ہار کو نہ مانیں، تو آپ ہار کے بعد جہاں کھڑے ہوئے تھے، آپ بدستور وہیں کھڑے رہیں گے۔

آپ نئے سفر کا آغاز کرنے کے قابل نہیں بنیں گے۔ مگر جب آپ ہارنے کے بعد اپنی ہار مان لیں، تو آپ کا سفر فوراً دوبارہ شروع ہو جاتا ہے۔ ہار کو مان لینا اس بات کا اعتراف ہے کہ میں مقابلے کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہوں۔ اس کے برعکس، ہار کو نہ ماننا گویا یہ کہنا ہے کہ میں مقابلے کی دوڑ میں آگے ہوں۔

اب جو شخص واقعے کے اعتبار سے پیچھے ہو، وہ فرضی طور پر اپنے آپ کو آگے سمجھے، تو وہ جھوٹے بھرم میں مبتلا رہے گا۔ اور جو لوگ جھوٹے بھرم میں مبتلا ہوں، وہ اسباب کی اس دنیا میں کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔ ہارنے کے بعد ہار کو مان لینا بہادری ہے، اور ہارنے کے بعد ہار کو نہ ماننا بزدلی۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ اپنے آپ کو بہادر ثابت کرے۔

وہ اپنے آپ کو بزدلی کی سطح پر جانے نہ دے۔ اس دنیا میں کبھی ہار ہوتی ہے اور کبھی جیت۔ بلند انسان وہ ہے جو ہار جیت سے اوپر اٹھ کر سوچے۔ جو ہار جیت سے اثر لیے بغیر اپنی رائے قائم کرے۔

جو لوگ اس اعلیٰ صلاحیت کا ثبوت دیں، وہی اس دنیا میں اپنے مقصد تک پہنچتے ہیں۔ جو لوگ اس اعلیٰ صلاحیت کا ثبوت نہ دے سکیں، وہ زندگی کے طوفان میں گھر کر رہ جاتے ہیں۔ وہ اپنی مطلوبہ منزل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوتے۔ جو شخص ہار کو مان لے، اس نے گویا ہار میں بھی جیت کا راز دریافت کر لیا۔

کیونکہ وہ باہر کی دنیا میں وقتی طور پر ہارا، مگر وہ اپنے اندر کی ابدی دنیا میں بدستور فاتح رہا۔ اس نے اپنی عملی شکست کو اپنے ذہن کی شکست بننے نہیں دیا۔ جو آدمی ہار کو نہ مانے، اس نے گویا اس معاملے کو اپنے لیے وقار کا مسئلہ بنا لیا۔ اور جو آدمی اس طرح کسی معاملے کو وقار کا مسئلہ بنا لے، وہ غلطی پر غلطی کرتا چلا جائے گا۔

وہ مسلسل ہارتا ہی چلا جائے گا۔ اس کے لیے دوبارہ جیتنے کا کوئی امکان نہیں۔ کتاب "تعمیر حیات" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 187۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.