Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tameer-e-Hayat
Tameer-e-Hayat

Do Khabren

Urdu · 3 min

دو خبریں: آپ 16 جون 1993 کا ہندوستان ٹائمز یا ٹائمز آف انڈیا دیکھیں تو آپ کو دو بالکل مختلف قسم کی خبریں پڑھنے کو ملیں گی۔ ایک طرف دونوں میں یہ خبر ہے کہ دہلی کا ایک تاجر، کرشن کمار، 45 سال، پنجاب نیشنل بینک، کیشوپورم سے 445,000 روپیے لے کر واپس آ رہا تھا کہ راستے میں 12 بجے دن کو چار نوجوان سفید ماروتی کار پر آئے۔ انہوں نے تاجر کے اسکوٹر کو روکا، ریوالور سے گولیاں چلا کر اسے گرا دیا، اور اس کا بریف کیس لے کر فرار ہو گئے۔ دوسری طرف دونوں ہی اخباروں میں ایک اور خبر ہے: دہلی کا ایک ہیڈ کانسٹیبل، پریم پال کرول باغ، رات کو گشت کر رہا تھا، اس کو سوریا کرن ہوٹل کے پاس ایک بریف کیس پڑا ہوا ملا۔

اس نے کھولا تو اس کے اندر دوسرے کاغذات کے علاوہ 97,400 روپیے نقد رکھا ہوا تھا۔ اس نے فوراً بریف کیس کو بند کیا اور اس کو لا کر اسی طرح تھانے میں جمع کر دیا۔ تھانے کے ذمہ دار اب بریف کیس کے اصل مالک کو تلاش کر رہے ہیں۔ یہ ایک علامتی خبر ہے جو بتاتی ہے کہ سماج میں ہمیشہ دونوں قسم کے لوگ ہوتے ہیں، اچھے بھی اور برے بھی۔

اس لیے کسی سماج کے بارے میں رائے قائم کرتے ہوئے آدمی کو بہت زیادہ محتاط ہونا چاہیے؛ اس کو نہ ایک طرف پوری طرح جھک جانا چاہیے اور نہ دوسری طرف۔ مذکورہ خبروں میں اگر کوئی شخص ایسا کرے کہ وہ صرف کرشن کمار کے واقعے کو لے لے اور اس کو عام بنا کر یہ کہے کہ ہندوستان کے لوگ تو سب کے سب قاتل اور لٹیرے ہیں، تو اس کی یہ رائے درست نہ ہوگی۔ اسی طرح کوئی شخص پریم لال کے واقعے کو لے اور اس کو عمومی صورت دے کر یہ کہنے لگے کہ ہندوستان کے تمام آدمی انتہائی دیانت دار ہیں، تو یہ بات بھی واقعے کے مطابق نہ ہوگی۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ ہر سماج میں دونوں ہی طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں۔

ہمیں اس دنیا میں اس طرح رہنا ہے جیسے کہ ہم ایک ایسے راستے میں چل رہے ہوں جس میں کانٹے بھی ہوں اور اسی کے ساتھ پھول بھی۔ ایسے راستے کے مسافر کے لیے کامیاب سفر کی تدبیر صرف ایک ہے: وہ کانٹوں سے اپنا دامن بچائے اور پھولوں سے محظوظ ہوتے ہوئے اپنی منزل کی طرف بڑھتا رہے۔ کتاب: تعمیر حیات، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 141۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.