کمزور بھی طاقتور۔ جارج بیڈو 1899 تا 1983 ایک فرانسیسی سیاست دان ہے؛ اس کے عام خیالات سے اتفاق کرنا مشکل ہے، تاہم اس کا ایک قول بہت بامعنی ہے۔ اس نے کہا کہ کمزور آدمی کے پاس ایک ہتھیار ہوتا ہے، اور وہ ان لوگوں کی غلطیاں ہیں جو یہ سمجھیں کہ وہ طاقتور ہیں۔ The weak have one weapon: the errors of those who think they are strong.
جارج بیڈو۔ اس دنیا میں سب سے بڑی کمزوری اپنے آپ کو طاقتور سمجھ لینا ہے۔ جو آدمی اپنے کو طاقتور سمجھنے لگے، وہ ضرور غلطیاں کرے گا۔ ایسے آدمی کا حال یہ ہوتا ہے کہ وہ طاقت کے گھمنڈ میں تدبیر سے بے پرواہ ہو جاتا ہے۔
اور جو آدمی تدبیر کی طرف سے بے پرواہ ہو جائے، اس کے لیے شکست یقینی ہے۔ کیونکہ اس دنیا میں کوئی بھی شخص اتنا طاقتور نہیں کہ اس کو تدبیر کی ضرورت ہی نہ ہو۔ جب بھی کوئی آدمی یہ محسوس کرے کہ اس کا حریف طاقت کے زام میں آ کر اس کو ستا رہا ہے، تو آدمی کو سمجھ لینا چاہیے کہ اب خود اس کا حریف اس کو اپنے خلاف ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ ایسی حالت میں آدمی کو چاہیے کہ وہ حریف کی سرگرمیوں سے بخوبی واقفیت حاصل کرنے کی کوشش کرے۔
آدمی کو اس کا مطالعہ لازمی طور پر اس نتیجے پر یہاں پہنچائے گا کہ حریف کے اندر فلاں کمزوری پیدا ہو گئی ہے، اور وہ دھیرے دھیرے بڑھ رہی ہے۔ آدمی کو چاہیے کہ وہ اس کمزوری کو جانے اور اس کو بھرپور طور پر استعمال کرے۔ وہ یقینی طور پر حریف کو زیر کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ اس دنیا میں کمزور بھی طاقتور ہے، اور طاقتور بھی کمزور۔
خدا نے کسی بھی شخص کو یہ حیثیت نہیں دی کہ وہ مطلق طور پر کمزور ہو جائے، یا وہ مطلق طور پر طاقتور بن جائے۔ اس دنیا میں ہر ایک کو یہ موقع حاصل ہے کہ وہ بظاہر ناموافق ماحول میں بھی کامیابی کے مواقع پا لے، شرط صرف یہ ہے کہ اس نے اپنی خداداد عقل کو درست طور پر استعمال کیا ہو۔ کتاب: تعمیر حیات، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 99۔
اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔
Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.