Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tameer-e-Hayat
Tameer-e-Hayat

Isteqlaal

Urdu · 3 min

استقلال فارسی کا مثل ہے کہ "یک درگیر و محکم گیر"، یعنی ایک در کو پکڑو اور وہیں مضبوطی کے ساتھ جمے رہو۔ یہ فطرت کا ایک قانون ہے جس کا تعلق زندگی کے ہر شعبے سے ہے۔ آپ ایک پودا زمین میں لگائیں، اور اس کے بعد ہر روز اس کی جگہ بدلتے رہیں، تو ایسا پودا کبھی بڑا درخت نہیں بن سکتا۔ ہر بار جب آپ اس کو کھود کر نکالیں گے تو اس کی کچھ جڑیں کٹ جائیں گی۔

اس طرح بار بار جڑوں کے کٹنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ وہ اس قابل ہی نہیں رہے گا کہ زمین میں جماؤ حاصل کرنے اور پھر اوپر اٹھ کر فضا میں اپنی شاخیں پھیلائے۔ ایک آدمی پرائیویٹ ملازمت میں ہے، وہ اگر ایسا کرے کہ آئے دن ایک جگہ کو چھوڑ کر دوسری جگہ جائے، تو وہ لوگوں کی نظر میں ہمیشہ بے قیمت بنا رہے گا۔ اگر وہ ایک جگہ وفاداری کے ساتھ رہتا ہو تو وہاں اس کو قدردانی ملتی۔ اپنے عمل سے وہاں وہ اپنے مالک کا دل جیتتا، اور پھر اس کو ترقی کا درجہ ملتا۔

لیکن جگہ بدلنے کی صورت میں وہ ہمیشہ پریشان رہے گا۔ وہ اپنے لیے ایک قابلِ اعتماد زندگی بنانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ اس دنیا میں استقلال کے بغیر کوئی کامیابی ممکن نہیں۔ ایک ڈاکٹر اگر بار بار اپنے کلینک کی جگہ بدلے، یا ایک دکاندار بار بار اپنی دکان کو چھوڑ کر دوسری دکان شروع کرتا رہے، تو نہ ایسا ڈاکٹر کبھی کامیاب ہوگا اور نہ ایسا دکاندار۔

دونوں ہی آخر کار ترقی سے محروم ہو کر رہ جائیں گے۔ کوئی آدمی جب ایک سماج میں رہتا ہے تو وہ اپنے کردار سے اپنی ایک تاریخ بناتا ہے۔ یہ تاریخ ہر انسان کا عظیم ترین سرمایہ ہے۔ اگر آپ کی یہ تاریخ بن جائے کہ آپ جھوٹ نہیں بولتے، آپ وعدہ خلافی نہیں کرتے، آپ خیانت نہیں کرتے، آپ کسی کے ساتھ بدخواہی کا معاملہ نہیں کرتے، آپ اپنے اصولوں سے کبھی نہیں ہٹتے، آپ جو کام کرتے ہیں ذمہ داری کے ساتھ کرتے ہیں، تو آپ کی یہ تصویر آپ کا سب سے بڑا سرمایہ ہوگی۔

مگر یہ تصویر اسی وقت بنے گی جبکہ آپ ایک جگہ دیر تک ٹھہریں۔ اگر آپ بار بار جگہ بدلیں تو لوگوں کی نظر میں آپ کی تصویر بھی نہیں بنے گی۔ آپ لوگوں کا اعتماد حاصل نہ کر سکیں گے، اور اعلیٰ ترقی کے درجے تک پہنچنے میں کبھی کامیاب نہ ہوں گے۔ کتاب "تعمیر حیات" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 73۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.