Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Tameer-e-Hayat
Tameer-e-Hayat

Har taraf Sabaq

Urdu · 3 min

ہر طرف سبق۔ کائنات پوری کی پوری انسان کے لیے سبق ہے۔ یہ سبق ایک وسیع خدائی کتاب ہے، جس کے ہر صفحے پر انسان کے لیے ایک پیغام لکھا ہوا ہے۔ جس کے ہر ذرے اور ہر پتے پر نصیحت کے کلمات درج ہیں۔

تاہم یہ سب کے سب خاموش زبان میں ہیں۔ انسان اگر اس کائناتی کتاب کو پڑھ سکے، تو وہ اس میں وہ سب کچھ پا لے گا جس کے ذریعے وہ موجودہ دنیا میں اپنی زندگی کی اعلیٰ تعمیر کر سکے۔ رات کے بعد صبح کا آنا آدمی کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ اس دنیا میں ہر ناخوشگوار صورتحال کے بعد اپنے آپ ایک نئی خوشگوار صورتحال آ رہی ہے۔ سورج یہ پیغام دے رہا ہے کہ اگر تم لوگوں کے درمیان محبوب بننا چاہتے ہو، تو لوگوں کے درمیان نفع بخش بن کر زندگی گزارو۔

ہرے بھرے درخت یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اس دنیا میں یہ امکان چھپا ہوا ہے کہ مٹی جیسی خشک چیز سے درخت جیسی ایک پربہار چیز وجود میں آئے۔ ایک بہتا ہوا دریا یہ پیغام دے رہا ہے کہ دنیا میں کوئی بھی رکاوٹ تمہارا راستہ روکنے والی نہیں، بشرطیکہ تمہارے اندر رکاوٹوں کے باوجود اپنا سفر جاری رکھنے کی صلاحیت موجود ہو۔ چڑیوں کو دیکھیے۔ رات کے وقت چڑیاں اپنے بسیرے کے مقامات پر خاموش ہو جاتی ہیں، مگر جب رات کا وقت ختم ہوتا ہے اور سویرا شروع ہوتا ہے تو چڑیاں درختوں پر چہچہانے لگتی ہیں۔

اس طرح چڑیاں یہ پیغام دے رہی ہیں کہ خوشیوں اور امنگوں کے ساتھ اپنے بستروں سے اٹھ جاؤ اور دن کی روشنی میں بھرپور طور پر اپنی کوشش جاری کر دو۔ اسی طرح ہماری دنیا کے ہر جز میں مفید سبق ہے۔ یہ دنیا اپنے پورے وجود کے ساتھ اسباق کی عظیم ترین انسائیکلوپیڈیا ہے۔ اس میں وہ سب کچھ لکھا ہوا موجود ہے جو آدمی کو اپنی زندگی کی تعمیر کے لیے درکار ہے۔

کتاب "تعمیر حیات" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 41۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.