← Paiqhambar-e-InqilabPaiqhambar-e-Inqilab
ایک تقابل
Urdu · 13 min
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں جو اسلامی انقلاب آیا اس میں تاریخی روایات کے مطابق کل 1018آدمی ہلاک ہوئے۔ اس انقلاب کی تکمیل 23سال میں ہوئی۔ ان 23سالوں میں جو غزوات پیش آئے ان کی تعداد81بتائی جاتی ہے۔ تاہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صرف 27غزوات میں شریک تھے اور عملاً با قاعدہ جنگ صرف چند ہی غزوات میں پیش آئی۔ ان لڑائیوں میں مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس طرح ہے
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
مسلمان مقتولین 259
غیر مسلم مقتولین 759 = 1018
صدرِ اول کا یہ انقلاب تاریخ کا عظیم ترین انقلاب تھا جس نے انسانی تاریخ کے دھارے کو موڑ دیا۔ اتنے بڑے انقلاب میں مقتولین کی یہ تعداد اتنی کم ہے کہ اس کو غیر خونی انقلاب (Bloodless Revolution) کہا جا سکتا ہے۔
ہمارے لکھنے اور بولنے والے اکثر پر جوش انداز میں اس انقلاب کا مقابلہ موجودہ زمانہ کے غیر اسلامی انقلابات سے کرتے ہیں۔ وہ فخر کے ساتھ کہتے ہیں کہ اسلامی انقلاب صرف ایک ہزار آدمیوں کی جان لے کر کامیاب ہو گیا۔ جب کہ فرانس میں جمہوری انقلاب لانے کے لیے اور روس میں اشترا کی انقلاب لانے کے لیے اتنے زیادہ آدمیوں کو قربان ہونا پڑا جن کی تعداد لاکھوں میںشمار ہوتی ہے۔
یہ تقابل ہم کو بہت پسند ہے کیونکہ اس میں ہماری پُر فخر نفسیات کو تسکین ملتی ہے۔ مگر یہاں تقابل کی ایک اور صورت ہے جس پر مسلمانوں نے کبھی غور نہیں کیا۔ اس کی وجہ شاید یہ ہے کہ یہ دوسر ا تقابل نصیحت کا تقابل ہے اور نصیحت آدمی کے لیے ہمیشہ بہت کڑوی ہوتی ہے۔
یہ دوسرا تقابل یہ ہے کہ آپ صدرِ اول کی اسلامی دعوت میں مرنے والے کا مقابلہ موجودہ زمانہ کی مسلم تحریکوں میں مرنے والوں سے کریں۔ با لفاظ دیگر، صدرِ اول کے انقلاب سے خود اپنی انقلابی کوششوں کا موازنہ کریں۔ مسلمانوں نے موجودہ زمانہ میں دینی انقلاب اور اسلامي جهاد کے نام پر بڑي بڑي تحريكيں اٹھائی ہیں۔ مسلمان جس طرح زمانهٔ رسالت کے ديني انقلاب كا تقابل غیر مسلموں کے لا دینی انقلابات سے کرتے ہیں اسی طرح انہیں چاہیے کہ وہ زمانۂ رسالت کے انقلاب کو سامنے رکھ کر خود اپنی اٹھائی ہوئی تحریکوں کو تو لیں اور ان کے نتائج کا جائزہ لیں۔
اگر مسلمان یہ تقابل کریں تو وہ حیرت انگیز طور پر پائیں گے کہ انہوں نے پیغمبر کی تحریک کے مقابلہ میں دوسری اقوام کی لا دینی تحریکوں کو جس مقام پر کھڑا کر رکھا ہے، عین اسی مقام پر خود ان کی موجودہ زمانہ کی تحریکیں بھی کھڑی ہوئی ہیں۔ الجزائر کے جہاد آزادی میں 25لاکھ مسلمان مرے، ہندستان کے جہاد آزادی میں 5لاکھ علماء اور مسلمان شہید ہوئے، اسلامی پاکستان کو وجود میں لانے کے درمیان ایک کروڑ انسان کام آگئے۔ اسی طرح شام، عراق، ایران، مصر، فلسطین اور دوسرے علاقوں میں جو لوگ اسلام کے نام پر جانیں دے رہے ہیں ان کی تعداد لاکھوں سے بھی زیادہ ہے۔ مزید یہ کہ ان تمام قربانیوں کا حاصل کچھ بھی نہیں ۔ صدرِ اول کی اسلامی تحریک میں دس سو آدمی کام آئے، اور اس کے بعد ایسا دور رس انقلاب آیا جس کے اثرات ساری دنیا نے محسوس کر لیے۔
موجودہ زمانہ کی اسلامی تحریکوں میں مجموعی طور پر دس کروڑ آدمی ہلاک اور بر باد ہوگئے۔ اس کے با وجود زمین کے اوپر کوئی ایک چھوٹا ساخطہ بھی نہیں، جہاں اسلامی انقلاب حقیقی معنوں میں کامیاب اور نتیجہ خیز نظر آتا ہو۔
پھر بات صرف اتنی ہی نہیں ہے بلکہ اس سے زیادہ سخت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ زمانہ میں ہماری کوششوں کا بالکل الٹا نتیجہ بر آمد ہوا ہے۔ ہمارے حق میں بائبل کے وہ الفاظ پورے ہوئے ہیں جو یہود کے بارے میں کہے گئے تھے
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
اور تمھارا بیج بونا فضُول ہو گا کیوں کہ تُمھارے دُشمن اُس کی فصل کھائیں گے۔اور مَیں خُود بھی تمھارا مخالِف ہو جاؤں گا اور تُم اپنے دُشمنوں کے آگے شِکست کھاؤ گے اور جِن کو تُم سے عداوت ہے وُہی تُم پر حُکمرانی کریں گے اور جب کوئی تُم کو رگیدتا بھی نہ ہو گا تب بھی تُم بھاگو گے۔اور اگر اِتنی باتوں پر بھی تُم میری نہ سُنو تو مَیں تُمھارے گُناہوں کے باعِث تُم کو سات گُنی سزا اَور دُوں گا۔ اور مَیں تُمھاری شہزوری کے فخر کو توڑ ڈالُوں گا اور تُمھارے لیے آسمان کو لوہے کی طرح اور زمِین کو پِیتل کی مانِند کر دُوں گا۔اور تُمھاری قُوّت بے فائِدہ صرف ہو گی کیونکہ تمھاری زمِین سے کُچھ پَیدا نہ ہو گا اور مَیدان کے درخت پھلنے ہی کے نہیں۔(احبار، 26:16-20)
other sourceWords of another person or source
ہماری جدید تاریخ ان الفاظ کے عین مصداق ثابت ہو رہی ہے۔ ہم نے اسلامی خلا فت اور عالمی اتحاد کی دھواں دھار تحریکیں چلا ئیں اور اس کی راہ میں ان گنت قربا نیاں دیں ۔ مگر جب نتیجہ نکلا تو ساری مسلم دنیا بہت سی قومی حکومتوں میں تقسیم ہو چکی تھی۔ ہم نے آزادیٔ وطن کے لیے جہاد کیا مگر جب وطن آزاد ہو ا تو عملاً وہ دوسرے فرقوں کے قبضہ میں چلا گیا۔ ہم نے اسلامی پاکستان وجود میں لانے کے لیے قربانیاں دیں مگر جب اسلامی پاکستان بنا تو وہاں غیر اسلامی لیڈروں کی حکومت قائم تھی۔ ہم نے مصر میں اسلامی اقتدار قائم کرنے کے لیے عظیم الشان تحریک اٹھائی مگرجب مصر کی قسمت کا فیصلہ ہوا تو وہ اسلام پسندوں کے بجائے فوجی حوصلہ مندوں کے ہاتھ میں جا چکا تھا۔ تقریباً ثلث صدی سے فلسطین کی یہودی ریاست کو مٹانے کے لیے جہاد جاری ہے اور مسلمانوں کا جان و مال بے پناہ مقدار میں تباہ ہو رہا ہے مگر عملاً صر ف یہ ہوا ہے کہ یہودی ریاست کی قوت اور وسعت میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں آخری دردناک خبر جو بہت جلد مسلمانوں کو سننی ہوگی وہ یہ کہ ایران میں نا قابل بیان قربانیوں کے بعد اسلامی اقتدار لایاگیا مگر یہ اسلامی اقتدار بہت جلد ملحد طاقتوں کا اقتدار قائم کرنے کا ابتدائی زینہ بن گیا۔
unverifiedAttribution could not be verified automatically
یہ موجودہ زمانہ کی پتھر سےبھی زیادہ سنگین حقیقتیں ہیں ۔ کوئی شخص یہ کر سکتا ہے کہ اپنے ذہن میں خوش خیالیوں کی ایک دنیا بناکر اس میں جیتا رہے مگر آئندہ آنے والا مورخ یقیناً ہماری خوش خیالیوں کی تصدیق نہیں کرے گا۔ وہ یہ لکھنے پر مجبور ہوگا کہ فرانس اور روس کے انقلاب میں مرنے والوں کے حصہ میں پھر بھی یہ فائدہ آیا کہ انہوں نے عالمی فکر کا دھا ر ا موڑدیا۔ اس کے بعد دنیا میں شہنشا ہی طرز فکر کے بجائے جمہوری طرز فکر رائج ہو گیا اور سرمایہ دار انہ طریق معیشت پر سوشلسٹ طریق معیشت کو فکری غلبہ حاصل ہوگیا۔ مگر اسلام کے نام پر بر باد ہونے والے اگر چہ تعداد میں ان سے بھی زیادہ تھے مگر وہ عالمی فکر پر کسی قسم کا اثر نہ ڈال سکے۔
صدر اول کا اسلامی انقلاب بتاتا ہے کہ اگر ایک ہزار آدمی بھی یہ ثبوت دے دیں کہ وہ خدا کے دین کی خاطر قربانی کی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں تو خدا ان کی قربانی کو قبول کر کے اسلام کو زمین پر غالب کر دیتا ہے۔ موجودہ زمانہ میں کروڑوں آدمیوں نے قربانی کا ثبوت دیا مگر خدا کی نصرت ان کا ساتھ دینے کے لیے آسمان سے نہیں اتری۔ وہ اس کے با وجود مغلوب ہی بنے رہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ زمانہ میں ہماری یہ تمام قربانیاں حقیقتہً اس صراطِ مستقیم کے مطابق نہ تھیں جس کی پیروی پر خدا نے نصر عزیز اور فتح مبین کا وعدہ فرمایا ہے۔ (الفتح، 48:1-3)
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
کوئی کسان اگر کہے کہ میں نے گیہوں کے بیج زمین میں ڈالے مگر اس سے گیہوں اُگنے کے بجائے جھاڑ جھنکاڑ اُگے تو ایسا کسان جھوٹ بولتا ہے۔ کیونکہ خدا کی اس دنیا میں یہ ممکن ہی نہیں کہ آدمی گیہوں کے بیج بوئے اور اس سے اس کے لیے جھاڑ جھنکاڑ اُگے۔ یہ نا ممکن ہے، یہ کروڑ بار ناممکن ہے۔ اسی طرح موجودہ زمانہ میں ہماری قربانیاں اگر فی الواقع اس راہ پر ہو تیں جس راہ پر رسول اور اصحاب رسول چلے اور اپنی جانیں دیں تو نا ممکن تھا کہ اتنی غیر معمولی کوششوں کے باوجود اس کا کوئی مثبت نتیجہ نہ نکلے۔ واقعات کا یہ کھلا ہوا فیصلہ ہے۔ اگر اس کے باوجود کوئی آدمی خوش فہمی کے گنبد میںرہنا چاہے تو رہے۔ بہت جلد قیامت اس کے گنبد کو توڑ دے گی۔ اس کے بعد وہ دیکھے گا کہ وہاں اس کے لیے جھوٹی خوش فہمیوں کے کھنڈر کے سوا اور کچھ نہیں۔