Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Kitaab-e-Marifat
Kitaab-e-Marifat

Ruh-e-deen.

Urdu · 4 min

روحِ دین۔ ایک سفر کے دوران مجھے ایک ایسے ملک میں جانا پڑا جہاں پہلے بادشاہی نظام تھا، اب وہاں بادشاہت کا خاتمہ ہو گیا، اب وہاں صدر راج قائم ہے۔ قدیم شاہی محل کی تمام شان و شوکت باقی ہے، البتہ اب اس کو شاہی محل کے بجائے صدارتی محل کہا جاتا ہے۔ میں اور کانفرنس کے دوسرے شرکاء، صدرِ مملکت سے ملاقات کے لیے صدارتی محل میں لے جائے گئے۔

ہم لوگ جب اس پرہیبت عمارت میں داخل ہوئے تو میں نے دیکھا کہ ہر آدمی کا انداز اچانک بدل گیا ہے۔ لوگوں پر خاموشی کی کیفیت طاری ہو گئی، ان کی رفتار سست پڑ گئی، چہرے پر سنجیدگی کے آثار ظاہر ہو گئے۔ محل کی ہر چیز کو وہ پرروب نظروں سے دیکھنے لگے۔ اس منظر کو دیکھ کر میں نے سوچا کہ یہ دنیا جس میں ہم رہتے ہیں، وہ بھی خدا کا ایک عظیم محل ہے۔

اس میں ہر طرف خدا کی عظمت و قدرت کے جلوے نمایاں ہیں۔ اس خدائی محل کے اندر چلتے ہوئے مزید اضافے کے ساتھ آدمی پر وہ کیفیت طاری ہونا چاہیے جو کسی شاہی محل کے اندر چلتے ہوئے اس کے اندر طاری ہوتی ہے۔ مگر جب میں دنیا کے راستوں میں لوگوں کو چلتے ہوئے دیکھتا ہوں تو یہ محسوس کر کے میرے جسم کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں کہ یہاں لوگ اس طرح چل رہے ہیں، گویا کہ انہیں اس عظیم حقیقت کی کوئی خبر ہی نہیں۔ لوگوں کے چہروں پر تواضع یعنی modesty کے آثار دکھائی نہیں دیتے، جو ازروئے واقعہ ان کے چہروں پر جھلکنا چاہیے۔

لوگوں کے چہروں پر مجھے احتیاط کے بجائے غفلت نظر آتی ہے۔ ان کی چال تواضع کے بجائے غیر متوازیانہ چال معلوم ہوتی ہے۔ ان کے انداز پر ذمہ داری کے بجائے بے حسی کا غلبہ دکھائی دیتا ہے۔ خدا کی دنیا میں چلتے ہوئے لوگ اتنا سنجیدہ بھی نظر نہیں آتے جتنا سنجیدہ کوئی شخص کسی ایوانِ صدارت یا کسی قصرِ شاہی میں چلتے ہوئے نظر آتا ہے۔

جن لوگوں کا حال یہ ہو کہ انسانی محل میں چلتے ہوئے ان پر ہیبت طاری ہو، مگر خدائی محل میں چلتے ہوئے ان پر ہیبت طاری نہ ہو، وہ گویا خدا کی رحمت سے آج ہی دور ہو گئے۔ کتابِ معرفت، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 419۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.