Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Kitaab-e-Marifat
Kitaab-e-Marifat

Khuda se mohabbat.

Urdu · 4 min

خدا سے محبت۔ ایک صاحب نے کہا، "آپ اپنی تحریروں میں خدا سے محبت پر زور دیتے ہیں"۔ مجھے بتائیے کہ خدا سے محبت کیسے کی جائے، اس کا طریقہ کیا ہے؟ میں نے پوچھا کہ کیا آپ کا کوئی بیٹا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہاں۔ میں نے کہا کہ کیا آپ کو اپنے بیٹے سے محبت ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہاں۔ پھر میں نے پوچھا کہ جب آپ کے یہاں بیٹا پیدا ہوا تو کیا آپ نے ایسا کیا کہ دوسرے لوگوں سے پوچھا کہ بیٹے سے محبت کیسے کی جائے؟

انہوں نے کہا کہ نہیں۔ میں نے کہا کہ اپنے بیٹے سے محبت تو آپ پوچھے بغیر کرتے ہیں، اور خدا سے محبت کے لیے آپ ہم سے سوال کر رہے ہیں؟ پھر میں نے کہا کہ یہ کوئی سادہ بات نہیں، اس کا تعلق آپ کے شعور سے ہے۔ ہر باپ اپنے بیٹے سے محبت کرتا ہے کیونکہ وہ اپنے بیٹے کو اپنی توسیع، یعنی extension، سمجھتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ہر باپ خود بخود اپنے بیٹے سے محبت کرنے لگتا ہے۔ اس معاملے میں کسی باپ کو کسی اور سے پوچھنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ خدا کا درجہ ہر آدمی کے لیے اس سے بہت زیادہ بڑا ہے۔ خدا آپ کا خالق ہے اور آپ اس کی مخلوق ہیں، مگر آپ نے خدا کو اپنے خالق، یعنی creator، کی حیثیت سے دریافت نہیں کیا۔

یہی بے شعوری ہے جس کی بنا پر آپ کو خدا سے محبت نہیں۔ اگر آپ نے خدا کو اپنے خالق اور اپنے منعم اور معطی، یعنی giver، کی حیثیت سے دریافت کیا ہوتا تو یقیناً ایسا ہوتا کہ اس معاملے میں آپ کسی اور سے سوال نہ کرتے۔ آپ کو خود بخود اپنے خالق سے مطلوب قسم کی آفاقی محبت پیدا ہو جاتی۔ خدا آپ کی زندگی میں اولین چیز بن جاتا، اور دوسری تمام چیزیں اپنے آپ ثانوی درجے میں چلی جاتیں۔

خدا سے محبت کوئی مصنوعی چیز نہیں، وہ انسانی فطرت کی پکار ہے۔ یہ دراصل ماحول کی conditioning ہے جو آدمی کو خدا سے دور کر دیتی ہے۔ اگر آپ اپنی سوچ کو متحرک کر کے اپنی deconditioning کر سکیں تو خود بخود آپ خدا سے جڑ جائیں گے۔ آپ اسی طرح خود اپنی فطرت کی آواز کے تحت خدا سے محبت کرنے لگیں گے، جس طرح آپ اپنے بیٹے سے محبت کرتے ہیں۔

کتابِ معرفت مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 408۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.