Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam kya hai
Islam kya hai

Duayen

Urdu · 4 min

دعائیں اسلام میں جو باتیں سکھائی گئی ہیں، ان میں سے ایک دعا ہے۔ حدیث کی کتابوں میں کثرت سے دعائیں نقل کی گئی ہیں۔ یہ دعائیں بتاتی ہیں کہ مختلف مواقع پر ایک مومن کی زبان سے کس طرح کے دعائیہ کلمات اور احساسات ظاہر ہونے چاہییں۔ مثلاً ایک آدمی کی ملاقات دوسرے آدمی سے ہو تو چاہیے کہ وہ دونوں ایک دوسرے کو "السلام علیکم ورحمۃ اللہ" کہیں، یعنی یہ کہ تمہارے اوپر اللہ کی سلامتی اور اللہ کی رحمت ہو۔

اسی طرح مومن کو چاہیے کہ جب وہ کھانا کھائے تو وہ "بسم اللہ الرحمن الرحیم" کہہ کر اپنا کھانا کھائے، اور جب وہ کھانے کو ختم کرے تو "الحمدللہ" اور اسی طرح کے دوسرے کلمات اپنی زبان سے ادا کرے۔ گویا کہ ایک مومن اپنے کھانے پینے کا آغاز اللہ کا نام لے کر کرتا ہے، اور جب وہ اپنا کھانا پینا ختم کرتا ہے تو دوبارہ وہ اللہ کا شکر ادا کر کے اس کی نعمتوں کا اعتراف کرتا ہے۔ ایک مومن کے دل میں جب کوئی برا خیال آتا ہے تو وہ اس کے مقابلے میں اللہ کی پناہ مانگتا ہے، اور یہ کلمہ اپنی زبان سے ادا کرتا ہے: "اللہم انی اعوذ بک من الشیطان الرجیم"۔ وہ جب کسی مسئلے سے دوچار ہوتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ "اللہم علیک توکلنا"، یعنی اے اللہ ہم نے تیرے اوپر بھروسہ کیا۔

اسی طرح جب اس کو مال کا کوئی حصہ ملتا ہے تو وہ کہتا ہے: "اللہم بارک لنا فی اموالنا"، یعنی اے اللہ ہمارے مالوں میں ہمیں برکت عطا فرما۔ ایک مومن جب سفر کرتا ہے تو اس کی زبان پر یہ کلمات ہوتے ہیں: "اللہم انت الصاحب فی السفر وانت الخليفة فی الاهل"، یعنی اے اللہ تو اس سفر میں میرا ساتھی ہے اور تو ہی میرے بعد میرے گھر والوں کا نگہبان ہے۔ جب اس کو کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو وہ کہتا ہے: "انا للہ وانا الیہ راجعون"، یعنی ہم اللہ کے لیے ہیں اور ہمیں لوٹ کر اللہ ہی کی طرف جانا ہے۔ اسی طرح زندگی کے ہر موڑ اور ہر مرحلے کے لیے اسلام میں دعائیں بتائی گئی ہیں۔

یہ دعائیں ہر موقع پر مومن کے ایمان کو تازہ کرتی ہیں، وہ موجودہ دنیا میں اس کے ہر تجربے کو ربانی تجربہ بناتی رہتی ہیں۔ مومن اسی طرح ذکر اور دعا کے سائے میں زندگی گزارتا ہے، یہاں تک کہ وہ مر کر اپنے رب سے جا ملتا ہے۔ کتاب "اسلام کیا ہے" مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 60۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.