Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Subh-o-shaam

Urdu · 4 min

صبح و شام، اسلام زندگی کا ایک مکمل پروگرام ہے؛ وہ آدمی کی پوری زندگی کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ صبح سے شام تک اور شام سے صبح تک، زندگی کا کوئی لمحہ ایسا نہیں ہے جو اسلام کے دائرے سے باہر ہو۔ ایک مومن رات کو سو کر صبح سویرے اٹھتا ہے، وہ سب سے پہلے اپنے جسم کو پاک کرتا ہے اور وضو کر کے فجر کی نماز ادا کرتا ہے۔ یہ گویا مومنانہ زندگی کا آغاز ہے، جو پاکیزگی اور عبادت سے شروع ہوتی ہے۔

اس کے بعد صبح سے دوپہر تک کا وقت معاشی دوڑ دھوپ کا وقت ہے۔ تاہم اس دوڑ دھوپ کے دوران مومن مسلسل خدا کو یاد رکھتا ہے؛ وہ ہر معاملے میں خدا کی مقرر کی ہوئی حد کی پابندی کرتا ہے۔ لین دین میں وہ دیانت داری کا انداز اختیار کرتا ہے۔ لوگوں کے ساتھ ملنے جلنے میں وہ پوری طرح اسلامی اخلاق کو اپنائے ہوئے ہوتا ہے۔

اس طرح دوسری نماز کا وقت آ جاتا ہے، جو دوپہر بعد پڑھی جاتی ہے۔ یہ ظہر کی نماز ہے۔ ظہر کی نماز کی صورت میں وہ اللہ سے اپنے تعلق کو از سرِ نو زندہ کرتا ہے۔ اپنے جسم اور اپنی روح کو وہ پاک کر کے دوبارہ زندگی کی جدوجہد میں شریک ہو جاتا ہے۔

وہ ایک بااصول انسان کی مانند اپنی سرگرمیوں میں مصروف ہو جاتا ہے، یہاں تک کہ تیسری نماز کا وقت آ جاتا ہے، جس کو عصر کی نماز کہا جاتا ہے۔ اب وہ پھر نماز کی طرف رجوع کرتا ہے۔ وہ پھر خدا کی رحمتوں میں سے اپنا حصہ لیتا ہے، تاکہ اگلے مرحلے میں وہ اس کے کام آ سکے۔ اس طرح مومن کے لمحات گزرتے رہتے ہیں، یہاں تک کہ سورج غروب ہوتا ہے اور چوتھی نماز کا وقت آ جاتا ہے، جس کو مغرب کی نماز کہا جاتا ہے۔

اب مومن اپنے کام کو چھوڑ کر پھر نماز کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے۔ وہ مقرر قاعدے کے مطابق نماز ادا کرتا ہے اور اس سے دینی اور روحانی غذا لے کر باہر آتا ہے۔ اس کے بعد وہ نماز سے حاصل کیے ہوئے دینی ذہن کے تحت اپنی ضروریات پوری کرتا رہتا ہے، یہاں تک کہ پانچویں نماز کا وقت آ جاتا ہے، جس کو عشاء کی نماز کہا جاتا ہے۔ عشاء سے فراغت کے بعد مومن اپنے بستر پر جاتا ہے اور اپنے دن بھر کے کام کا احتساب کرتے ہوئے سو جاتا ہے، تاکہ صبح سویرے اٹھ کر وہ زیادہ بہتر طور پر اپنے اگلے دن کا آغاز کر سکے۔

اسلام ایک تعارف، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 45۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.