Maulana Wahiduddin Khan
4 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Zikr

Urdu · 4 min

ذکر۔ اسلام کی ایک بنیادی تعلیم ذکر ہے۔ ذکر کے معنی یاد کے ہیں، یعنی خدا کو یاد کرنا۔ خدا کو بھولنے کی حالت کا نام غفلت ہے، اور خدا کو یاد رکھنے کی حالت کا نام ذکر۔

یہ ذکر ایک فطری حقیقت ہے: انسان ہر لمحہ ان چیزوں کا تجربہ کرتا ہے جن کا تعلق براہِ راست خدا سے ہے۔ وہ سورج اور چاند، دریا اور پہاڑ، ہوا اور پانی کو دیکھتا ہے، جو سب کے سب خدا کی پیدا کی ہوئی ہیں۔ اسی طرح تمام مخلوقات جو انسان کے سامنے آتی ہیں، وہ سب اس کو خالق کی یاد دلاتی ہیں۔ زمین سے لے کر آسمان تک جو چیزیں ہیں، وہ سب خدا کے جمال و کمال کے مظاہر ہیں۔

وہ اپنے پورے وجود کے ساتھ خدا کی ہستی کا تعارف ہیں۔ اس طرح جس دنیا میں انسان رہتا ہے، اور جن چیزوں کے درمیان وہ صبح و شام گزارتا ہے، وہ ہر لمحہ اس کو خدا کی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ ان چیزوں سے متاثر ہو کر اس کے دل و دماغ میں ہر لمحہ ربانی کیفیات پیدا ہوتی ہیں۔ انہی کیفیات کے لفظی اظہار کا نام ذکر ہے۔

اسی طرح انسان اپنی زندگی میں بار بار خدا سے تعلق کا تجربہ کرتا ہے۔ وہ اپنے وجود پر غور کرتا ہے تو اس کا دل اس احساس سے بھر جاتا ہے کہ خدا نے اس کو احسن تقویم کے ساتھ پیدا کیا، اور ہر قسم کی اعلیٰ صلاحیتیں وافر مقدار میں اسے دے دیں۔ یہ احساسات اس کی زبان پر مختلف انداز میں آتے رہتے ہیں۔ یہ بھی ذکر کی ایک صورت ہے۔

اسی طرح انسان کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں طرح طرح کے اتار چڑھاؤ پیش آتے ہیں۔ وہ مختلف قسم کے خوشگوار اور ناخوشگوار تجربات سے گزرتا رہتا ہے۔ ان تجربات کے دوران بار بار وہ خدا کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔ بار بار وہ مختلف الفاظ میں خدا کو یاد کرتا ہے۔

اسی طرح روزمرہ کی عبادتوں کے درمیان وہ مختلف کلمات کو اپنی زبان سے ادا کرتا ہے۔ یہ کلمات کبھی قرآن و حدیث سے ماخوذ ہوتے ہیں، اور کبھی خدا کی خدائی کے اعتراف میں بے ساختہ طور پر اس کی زبان سے جاری ہو جاتے ہیں۔ یہ سب خدا کا ذکر ہے۔ اسلام ایک تعارف مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 23۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.