Maulana Wahiduddin Khan
5 min left
0:00

← Islam ek Ta'aruf
Islam ek Ta'aruf

Jannat,Dozaq

Urdu · 5 min

جنت، دوزخ۔ جنت خدا کے انعامات کی جگہ ہے، اور دوزخ وہ جگہ ہے جہاں اُن لوگوں کو داخل کیا جائے گا جن کے بارے میں خدا کی عدالت میں سزا کا فیصلہ ہوا ہو۔ موجودہ دنیا میں ہر قسم کی نعمتیں ہیں، مگر وہ ناقص صورت میں ہیں۔ جنت وہ جگہ ہے جہاں یہ تمام نعمتیں اپنی کامل صورت میں موجود ہوں گی۔

موجودہ دنیا ایک غیر معیاری دنیا ہے، اور جنت کی دنیا کامل طور پر ایک معیاری دنیا ہے۔ جو لوگ موجودہ دنیا کی آزمائشوں میں پورے اترے، وہ جنت کی ابدی دنیا میں داخل کیے جائیں گے، جہاں اُن کے لیے آرام ہی آرام ہوگا اور خوشی ہی خوشی۔ جنت میں آدمی کو مادی نعمتوں کے ساتھ ذہنی سکون اور قلبی اطمینان بھی مکمل طور پر حاصل ہوگا۔ ایک طرف وہاں مادی نعمتوں کی تکمیل کر دی جائے گی، اور دوسری طرف وہ تمام حالات ختم کر دیے جائیں گے جو دنیا میں بے چینی اور پریشانی کا سبب ہوتے ہیں، مثلاً بڑھاپا، بیماری، حادثہ، موت وغیرہ۔

ہر آدمی پیدائشی طور پر ایک آئیڈیل دنیا کا طالب ہے۔ ہر آدمی اپنے خوابوں کی ایک دنیا اپنے ذہن میں بسائے ہوئے ہے۔ یہ دنیا کسی کو موجودہ زندگی میں نہیں ملتی۔ موت کے بعد یہ دنیا اُن خوش نصیب انسانوں کو ملے گی جنہوں نے موت سے پہلے کی زندگی میں اس کا استحقاق ثابت کیا ہو۔

دوزخ کا معاملہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ جنت اگر ہر قسم کے آرام کی جگہ ہے تو دوزخ ہر قسم کی تکلیفوں کی جگہ ہے۔ جنت اگر باغِ کائنات کا پھول ہے تو دوزخ اس کائنات کا کانٹا ہے۔ جو لوگ دنیا کی زندگی میں خدا کی مرضی کو چھوڑ کر اپنی خواہشوں پر چلیں، جو لوگ اخلاقی حدود کو توڑیں اور سرکشی کا طریقہ اختیار کریں، جو لوگ نہ خدا کا حق ادا کریں اور نہ بندوں کا حق، ایسے لوگ موت کے بعد دوزخ میں ڈالے جائیں گے تاکہ وہاں ابدی طور پر اپنی بدکرداری کی سزا بھگتتے رہیں۔

دوزخ والوں کو بچانے کے لیے وہاں اُن کا کوئی مددگار نہ ہوگا۔ اُن کے تمام مددگار اُن کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔ وہاں کوئی نہ ہوگا جو خدائی فیصلے کو اُن کے اوپر نافذ ہونے سے روک سکے۔ ایک تعارف: مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 19۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.