Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Deeni Taleem
Deeni Taleem

Koi dunya kamaraha hai koi aakhirat.

Urdu · 2 min

کوئی دنیا کما رہا ہے، کوئی آخرت۔ ایک آدمی وہ ہے جس کا مقصود پیسہ ہے، اس نے کوئی ایسا کام پکڑ لیا ہے جس سے پیسہ ملتا ہے، اور اپنے پورے وقت اور اپنی تمام طاقتوں کے ساتھ اس میں مصروف ہے۔ جب اس کی سرگرمیوں کا نتیجہ پیسے کی صورت میں اس کی طرف لوٹتا ہے تو وہ خوش ہوتا ہے، اور جب پیسہ نہ ملے تو وہ تردد میں پڑ جاتا ہے۔ دوسرا آدمی وہ ہے جو عزت و شہرت کا طالب ہے، وہ ہر اس کام کی طرف دوڑ پڑتا ہے جس میں اس کا نام اونچا ہو، اور جس میں شرکت کی وجہ سے ہر طرف اس کا چرچا ہونے لگے۔

اعزاز اور مقبولیت کے مقام پر کھڑا ہو کر اس کے نفس کو لذت ملتی ہے، اور اگر اس کو اعزاز اور مقبولیت کے مقام پر کھڑا ہونے کا موقع نہ ملے تو اس کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس کی دنیا کھو گئی ہے۔ تیسرا آدمی وہ ہے جو اقتدار کو اپنا نشانہ بنائے ہوئے ہے۔ اس کی بہترین تمنا یہ ہوتی ہے کہ لوگوں کے اوپر اس کا حکم چلے، لوگوں کی گردنیں اس کی مٹھی میں ہوں، لوگوں کے درمیان اس کو سب سے اوپر جگہ ملے، اس کے مقابلے میں لوگ بے اختیار ہوں، اور اس کو لوگوں کی قسمتوں پر اختیار حاصل ہو۔ یہ تینوں آدمی وہ ہیں جنہوں نے اپنے عمل کا نتیجہ اسی دنیا میں چاہا۔

ایسے لوگ دنیا میں خواہ جتنا بھی حاصل کر لیں، آخرت میں ان کا کوئی حصہ نہیں۔ اس کے بعد وہ اللہ کا بندہ ہے جو آخرت کو چاہنے والا ہے، اور آخرت کی راہ میں اپنی سرگرمیوں کو لگائے ہوئے ہے۔ لوگوں کا عمل بازار میں ہوتا ہے، اور اس کا عمل فطرت کی خاموش کائنات میں۔ لوگ مجمع عام میں اپنی سرگرمیاں دکھاتے ہیں، اور وہ اپنی تنہائیوں میں مصروف عمل ہوتا ہے۔

لوگ دنیا کی عزت و کامیابی پا کر خوش ہوتے ہیں، اور وہ اس امید میں جی رہا ہوتا ہے کہ اس کا مالک اس کو اپنی رحمتوں کے سائے میں لے لے۔ بظاہر وہ اسی دنیا میں دکھائی دیتا ہے، مگر اپنی سوچ اور جذبات کے اعتبار سے وہ آخرت میں جیتا ہے۔ لوگ سامنے کی دنیا میں گم ہوتے ہیں، اور وہ خدا کی چھپی ہوئی کائنات میں۔ کتاب دینی تعلیم، مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 33۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.