Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Deeni Taleem
Deeni Taleem

Sari tareef allah ke liye.

Urdu · 2 min

ساری تعریف اللہ کے لیے۔ ایک درخت ایک بے حد بامعنی واقعہ ہے، مگر اس کو اپنی معنویت کا شعور نہیں۔ ایک پھول نفاست اور لطافت کا شاہکار ہے، مگر کوئی پھول اپنی اس خصوصیت کو نہیں جانتا۔ ایک چڑیا بے حد حسین وجود ہے، مگر کسی چڑیا کو اپنے حسن کا احساس نہیں۔

یہی حال دنیا کی تمام چیزوں کا ہے۔ دنیا کی ہر چیز حسین ترین آرٹ کا انتہائی کامل نمونہ ہے، مگر کسی چیز کو بھی اپنی اس حیثیت کا کوئی علم نہیں۔ پھر حسن و لطافت کی یہ نمائش گاہ کس کے لیے سجائی گئی ہے؟ یہ انسان کے لیے ہے۔

تمام معلوم کائنات میں انسان ہی واحد مخلوق ہے جو کسی چیز کے حسن کو دیکھتا ہے اور اس کی خوبیوں کو محسوس کر کے اس کی داد دے سکتا ہے۔ خدا نے دنیا کی صورت میں ایک حسین آرٹ بنایا، اور انسان کو اس کی پرکھ دے کر اس کو زبان عطا کی، تاکہ وہ خدا کے حسین تخلیق کو دیکھ کر جھوم اٹھے اور اپنی زبان سے اس کے خالق کو خراجِ تحسین پیش کرے۔ اسی کا نام حمد یا خدا کی تعریف ہے۔ حمد انسان کے اعلیٰ ترین جذبات کا وہ نذرانہ ہے جو خدا کے سامنے پیش ہونے کے لیے انسانی الفاظ میں ڈھل جاتے ہیں۔

حمد یہ ہے کہ ایک شخص دنیا میں خدا کی کاریگری کو دیکھے، وہ اس کے کمالات کو محسوس کر کے تڑپ اٹھے، اور پھر اس کی زبان سے بے تابانہ نکل پڑے کہ خدایا ساری تعریف تیرے لیے ہے۔ تو پاک اور برتر ہے۔ خدایا تو مجھے اقرار کرنے والوں میں لکھ لے، اور مجھ کو ان لوگوں میں نہ بنا جن کو تو اندھی حالت میں اٹھائے گا، کیونکہ انہوں نے تیرے حسن کو نہیں دیکھا، کیونکہ انہوں نے تیرے کمالات کا اعتراف نہیں کیا۔ اللہ کو چلتے پھرتے اور اٹھتے بیٹھتے اس طرح یاد کرنے کا نام حمد ہے، خواہ کہنے والا اپنے کلمات کو عربی زبان میں کہے یا کسی دوسری زبان میں۔

کتاب دینی تعلیم مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 5۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.