← Al-Risala January 2015Al-Risala January 2015
زوالِ امت، اصلاحِ امت
Urdu · 3 min read
روایت میں آیا ہے کہ مکی دور میں اہل مکہ اور یہود کے درمیان ایک مکالمہ ہوا- اس کے بعد سورہ التوبہ کی آیت نمبر 19 نازل ہوئی- وہ مکالمہ یہ تھا : قیل إن المشرکین قالوا للیہود، نحن سقاةالحجاج وعمار المسجد الحرام- فنحن أفضل أم محمد وأصحابہ؟ فقالت الیہود لہم أنتم أفضل (التفسیر الکبیر، الرازی) یعنی کہا جاتا ہے کہ مکہ کے مشرکین نے یہود مدینہ سے کہا کہ ہم حاجیوں کو پانی پلانے والے اور مسجد حرام کا انتظام کرنے والے ہیں- پس ہم زیادہ افضل ہیں یا محمد اور ان کے اصحاب- یہود نے ان سے کہا کہ تم لوگ افضل ہو-
quoted sourceQuoted from another author or source
اس واقعہ کے بعد قرآن کی یہ آیت اتری: اَجَعَلْتُمْ سِقَایَةَ الْحَاۗجِّ وَعِمَارَةَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ کَمَنْ اٰمَنَ بِاللّٰہِ وَالْیَوْمِ الْاٰخِرِ وَجٰہَدَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہ ِ ۭ لَا یَسْتَوٗنَ عِنْدَ اللّٰہِ ۭوَاللّٰہُ لَا یَہْدِی الْقَوْمَ الظّٰلِمِیْنَ (9:19) یعنی کیا تم نے حاجیوں کے پانی پلانے اور مسجد حرام کے انتظام کرنے کو برابر کردیااس شخص کے جو اللہ اور آخرت پر ایمان لایا اور اللہ کی راہ میں جہاد کیا-اللہ کے نزدیک یہ دونوں برابر نہیں ہوسکتے- اور اللہ ظالم لوگوں کو راہ نہیں دکھاتا-
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
قرآن کی اس آیت میں ایک واقعہ کے حوالے سے ایک اصولی بات بتائی گئی ہے- وہ یہ کہ کسی امت کا زوال یافتہ ہونا کیا ہے، اور یہ کہ جب کوئی امت دینی اعتبار سے اپنے زوال کے دور میں پہنچ جائے تو اس وقت اس کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے مصلح کو کیا طریقہ اختیار کرنا چاہئے- اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ دور زوال میں دین کا جو بگڑا ہوا فارم ان کے یہاں پایا جاتا ہے، اسی کو وہ اصل دین سمجھ لیتے ہیں-قدیم مکہ کے مشرکین، معروف قومی معنوں میں مشرکین نہ تھے، بلکہ اپنی حقیقت کے اعتبار سے وہ ملت ابراہیم کا زوال یافتہ حصہ تھے- اپنے طریقہ میں کنڈیشننگ کی وجہ سے وہ سمجھتے تھے کہ جو بگڑا ہوا دین ان کے یہاں ہے، وہی عین دین ابراہیم ہے- اسی یقین کی بنا پر انھوں نے یہود مدینہ سے مذکورہ سوال کیا، اور یہود چوںکہ خود بھی اپنے زوال کی بنا پر دین موسی کی ایک بگڑی ہوئی صورت پر قائم تھے، اس معاملہ میں ان کی نفسیات بھی وہی تھی، جو مکہ والوں کی نفسیات تھی- اس لئے انھوں نے کہہ دیا کہ تمھارا دین محمد کے دین سے بہتر ہے-
پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم ایک اعتبار سے دین ابراہیمی کے مجدد تھے- آپ مکہ کے لوگوں کے درمیان دوبارہ اصل دین ابراہیمی کو زندہ کرنا چاہتے تھے- آیت کے الفاظ کمن آمن باللہ والیوم الآخر دراصل پیغمبر کے طریق اصلاح کو بتارہے ہیں،اور وہ یہ کہ آپ کا طریقہ ایمان کو زندہ کرنا تھا-
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
اس معاملہ کو اس طرح بیان کیا جاسکتا ہے کہ قدیم اہل مکہ اپنے دینی زوال کی بنا پر ایک بے روح مذہب (spiritless religion) پر قائم تھے- پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے درمیان جو کام کیا، وہ گویا با روح مذہب (spiritful religion) کو ان کے درمیان زندہ کرنا تھا-ایمان باللہ اور ایمان بالآخرت سے مراد یہی اسپرٹ والا مذہب ہے-
قرآن کی یہ آیت ایک تاریخی حوالے کے ذریعہ یہ بتارہی ہے کہ امت مسلمہ جب اپنے دورِ زوال میں پہنچے گی تو اس کا کیا حال ہوگا، اور اس کے درمیان دوبارہ احیا (revival) کا کام کس طرح کرنا چاہئے- اس آیت میں زوال یافتہ امت کی تصویر بھی ہے، اور یہ بات بھی کہ دورِ زوال کے بعد دورِ عروج میں لانے کے لیے مصلح کو کیا کرنا چاہئے-
original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it
دورِ زوال میں ایسا نہیں ہوتا کہ امت اپنے دین سے بے تعلق ہوجائے، اپنے خیال کے مطابق وہ پوری طرح دین پر قائم ہوتی ہے، لیکن یہ دین محض ایک بے روح اعمال (spiritless form) کا ایک دین ہوتا ہے- ایسا دین اللہ کو مطلوب نہیں- اللہ کو وہ دین مطلوب ہے جو ایک زندہ دین ہو، اور پوری طرح ربانی اسپرٹ پر قائم ہو-
زوال کے دور میں مصلحین کے لیے کرنے کا کام یہ ہے کہ وہ اسپرٹ سے خالی دین کو دوبارہ اسپرٹ سے بھرا ہوا دین بنائیں، وہ بے روح ڈھانچہ (spiritless form) کو دوبارہ باروح ڈھانچہ (spiritful form) بنادیں-