Maulana Wahiduddin Khan
3 min left
0:00

← Al-Risala December 2012
Al-Risala December 2012

ایک خط

Urdu · 3 min read

برادرِ محترم مولانا محمد اکرم الزہری (مسقط،عمان)

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ

امید کہ آپ مع متعلقین بخیر ہوں گے- اللہ تعالی آپ کو اور آپ کے تمام اہلِ خانہ کو اپنی خصوصی نصرت اور رحمت سے نوازے اور دنیا اور آخرت کی سعادتیں عطا فرمائے- 12 اکتوبر 2012 کو آپ سے ٹیلی فون پر بات ہوئی- ماضی کی بہت سی یادیں تازہ ہوگئیں-

آپ ماشاء اللہ برابر دینی کاموں میں مشغول رہتے ہیں- اللہ تعالی آپ کی اِن کوششوں کو قبول فرمائے- تاہم مجھے آپ کو ایک خاص کام کی طرف توجہ دلانا ہے- یہ کام دعوت الی اللہ کا کام ہے، یعنی غیر مسلموں تک اللہ کا پیغام پہنچانا- یہ بلاشبہہ اہلِ ایمان کا سب سے بڑا فریضہ ہے- دعوت کا کام گویا کہ خاتم النبیین کی نیابت کا کام ہے- یہ کام بلاشبہہ فرضِ عین ہے اور ہر مومن کو اپنے دائرے میں اِس کام کو انجام دینا ہے-

موجودہ زمانے میں دو واقعات ایسے پیش آئے ہیں جنھوں  نے دعوت کے کام کو بہت زیادہ آسان بنا دیا ہے- ایک ہے پرنٹنگ پریس، جس کی وجہ سے یہ ممکن ہوگیاکہ قرآن کا ترجمہ ’لسانِ قوم‘ میں تیار کیا جائے اور اُس کو مطبوعہ صورت میں لوگوں کے درمیان ڈسٹری بیوٹ کیا جائے- اصحابِ رسول کا طریقہ یہ تھا کہ وہ لوگوں کو قرآن پڑھ کر سناتے تھے، اِس بنا پر اُن کو مقری کہاجاتا تھا- اب وقت آگیا ہے کہ تمام اہلِ ایمان قرآن کے ڈسٹری بیوٹر بن جائیں-

اِس معاملے میں دوسرا موافقِ دعوت پہلو یہ ہے کہ موجودہ زمانے میں مواصلات کی ترقی کی بناپر ایک نیا ظاہرہ وجود میں آیا ہے، جس کو عالمی حرکت (global mobility) کہاجاتا ہے- موجودہ زمانے میں سیاحت، تجارت، ملازمت اور دوسرے اسباب کے تحت، لوگوں کی آمد ورفت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے- ہر ملک میں دوسرے ملکوں کے لوگ پہنچ رہے ہیں- اِن میں بڑی تعداد غیر مسلموں کی ہوتی ہے- اِس نئے ظاہرے کا مطلب دوسرے لفظوں میں یہ ہے کہ مدعو خود چل کر داعی کے یہاں پہنچ رہا ہے- وہ خاموش زبان میں امتِ محمدی کے ہر فرد سے کہہ رہا ہے کہ ہم تمھارے دروازے پر ہیں- آؤ، ہم کو اُس ربانی پیغام سے آگاہ کرو جو اللہ نے تمھارے پاس بھیجا ہے-

اب ہر مسلمان کو، خواہ وہ عرب میں ہو یا غیر عرب میں، اس کو یہ کرنا ہے کہ وہ اپنے پاس اسلامی کتابیں رکھے اور اِس کو اُن لوگوں تک پہنچاتا رہے جو اس کے علاقے میں بار بار کسی نہ کسی سبب سے آرہے ہیں- اِس قسم کے مواقع آج کل ہر جگہ موجود ہیں- دفتروں میں پارکوں میں، کانفرنسوں میں، غرض ہر اجتماعی مقام پر اِس قسم کے مدعو برابر پہنچ رہے ہیں- اُن کو نہایت آسانی کے ساتھ دعوتی لٹریچر پہنچایا جاسکتا ہے- اِس سلسلے میں ہمارے ادارے سے قرآن اور سیرتِ رسول اور خصوصی اسلامی موضوعات پر مختلف زبانوں میں کتابیں تیار کی گئی ہیں- مثلاً قرآن کا انگریزی ترجمہ اور پرافٹ آف پیس (The Prophet of Peace)، وغیرہ-

میں امید کرتا ہوں کہ آپ اور آپ کے ساتھی اپنے دوسرے دینی کاموں کے ساتھ اِس کام کو اپنی سرگرمیوں میں شامل کریں گے، یعنی اسلامی لٹریچر کو غیر مسلموں تک پہنچانا-

نئی دہلی، 15 اکتوبر 2012 دعا گو وحید الدین

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.