Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Raz e Hayat
Raz e Hayat

دشمنی کے وقت بھی

Urdu · 2 min read

روس اور امریکا دونوں ایک دوسرے کے سخت ترین دشمن ہیں۔ مزید یہ کہ دونوں نے بے حساب مقدار میں خطرناک نیوکلیرہتھیار تیار کررکھے ہیں۔ جومنٹوں میں ایک ملک سے دوسرے ملک میں پہنچ جائیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک معمولی سی غلط فہمی دونوں بڑی طاقتوں کے درمیان ایک ایسی جنگ چھیڑ سکتی ہے جو ان کے شاندار شہروں کو اچانک کھنڈر میں تبدیل کردے۔

چنانچہ یہ ممالک ایک طرف ایک دوسرے کے خلا ف ہر قسم کے انتہائی مہلک ہتھیار جمع کررہے ہیں دوسری طرف دونوں کے درمیان پچھلے 20 سال سے ہنگامی مواصلات (Emergency Communications) کا ایک نظام قائم ہے جس کے ذریعہ رات دن کے کسی بھی لمحہ میں دونوں ایک دوسرے سے ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ اور نازک مواقع پر فوراً براہ راست گفتگو کرکے جنگ کے اتفاقی خطرہ کو ٹال سکتے ہیں۔ اس ہروقت متحرک رہنے والے مواصلاتی نظام کو گرم لائن(Hot-Line)کہاجاتا ہے۔ نیوکلیر ہتھیاروں کی مزید ترقی کے بعد محسوس کیا گیا کہ قدیم گرم لائن بہت ’’سست‘‘ ہے۔ وہ ہتھیاروں کے رفتار سفر میں جدید ترقیوں کی نسبت سے جنگ کے فوری اندیشہ کوٹالنے کے لیے سراسر ناکافی ہے۔ چنانچہ پچھلے ایک سال سے ماسکو اور واشنگٹن کے ماہرین اس موضوع پر گفتگو کررہے تھے کہ موجودہ گرم لائن کو ترقی دے کر اس کو وقت کے تقاضوں کے مطابق (Update) کیا جائے۔ بالآخر جولائی 1984ء میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک نئے معاہدہ پر سمجھوتہ ہوگیا۔ (ٹائمس آف انڈیا 11 جولائی 1984)۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

اب تک جو ٹیلکس مشینیں ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان پیغام رسانی کے لیے استعمال ہورہی تھیں وہ ایک منٹ میں ساٹھ الفاظ (ایک سیکنڈ میں ایک لفظ) ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرسکتی تھیں۔ نئے معاہدہ کے تحت جوسسٹم رائج کیا گیا ہے اس کے مطابق ایک تیار شدہ مضمون (prepared text) کے پورے ایک صفحہ کا عکس صرف ایک سیکنڈ میں واشنگٹن سے ماسکو یا ماسکو سے واشنگٹن پہنچ جائے گا۔ گویا تیز رفتاری کے اعتبار سے پہلے کے مقابلہ میں کئی سو گنا زیادہ۔ اس طرح روس اور امریکا نے خطرہ سے بچائو کی تدبیر کو خطرہ کے مطابق کرلیا۔

یہ ایک مثال ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ زندہ لوگ دشمنی کی آخری حد پر پہنچ کر بھی کس قدر باہوش رہتے ہیں۔ دوسری طرف مردہ لوگ ہیں جن کو صرف یہ معلوم ہے کہ وہ ذرا ذرا سی بات پر لڑجائیں اور پھر اپنی بے معنی لڑائی کو کسی حال میں ختم نہ کریں۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content