Maulana Wahiduddin Khan
6 min left
0:00

← Nashri-Taqreeren
Nashri-Taqreeren

وقت کی اہمیت

Urdu · 6 min

ایک شخص فوج میں معمولی سپاہی کی حیثیت سے بھرتی ہوا۔ اس کے بعد ترقی کرتے کرتے بڑا فوجی افسر بن گیا۔ اس فوجی افسر نے ایک بار اپنی زندگی کا تجربہ بتاتے ہوئے کہا  ’’ فوج میں میری غیر معمولی ترقی کا سبب صرف میری یہ خصوصیت تھی کہ مجھ کو اگر دس بجے ڈیوٹی پر جانا ہوتا تو میں نو بجے تیار رہتا تھا‘‘۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

بظا ہر یہ ایک چھوٹی سی بات ہے مگر یہ بہت اہم بات ہے ۔ یہ تمام ترقیوں کا راز ہے۔ زندگی کے معاملات میں وقت کی بے حد اہمیت ہے۔ جو شخص وقت کا جتنا زیادہ پابند ہوگا اتنا ہی زیادہ وہ ترقی کے منازل طے کرے گا۔ اکثر ناکامیوں اور مصیبتوں سے بچنے کا واحد راز یہ ہے کہ وقت کو نہ کھویا جائے کسی نے بالکل سچ کہا ہے  ’’وقت سے پہلے اسٹیشن پہنچنے کی کوشش کرو ، تمھاری گاڑی کبھی نہیں چھوٹے گی ‘‘۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

آپ کو ایک ٹرین پکڑنی ہے جو دس بج کر 3منٹ پر چھوٹتی ہے۔ آپ کے گھر سے اسٹیشن تک کا راستہ 30 منٹ کا ہے۔ اب اگر آپ یہ سوچیں کہ وقت سے پہلے جانے کی کیا ضرورت ۔ اور گھر سے صرف پانچ منٹ پہلے روانہ ہوں تو عین ممکن ہے کہ راستہ میں کوئی غیر متوقع واقعہ پیش آجائے جو آپ کے سفر کو 30 منٹ کے بجائے 40 منٹ یا 50 منٹ کا بنادے اور نتیجہ یہ ہو کہ آپ کی گاڑی چھوٹ جائے ۔ آپ اسٹیشن اس حال میں پہنچیں کہ وہاں آپ کو یہ سننے کے لیے ملے کہ آپ کی گاڑی آپ کے آنے کے صرف چند منٹ پہلے روانہ ہوگئی۔ جو شخص وقت سے پہلے اسٹیشن پہنچنے کی کوشش کرتا ہے اس کی ٹرین بھی نہیں چھوٹتی۔ گر جب آدمی عین وقت پر اسٹیشن پہنچنا چاہے گا عین ممکن ہے کہ اسٹیشن پہنچ کر اس کو یہ خبر سننی پڑے کہ ٹرین روانہ ہوگئی۔

وقت کی پابندی حقیقتاً تیز روی کا نام ہے نہ کہ سادہ معنوں میں صرف پابندی کا ۔ وقت پر کار کردگی کا ثبوت صرف وہ شخص دے پاتا ہے جو وقت کے بارے میں مبالغہ آمیز حد تک حساس ہو۔ جو شخص وقت سے آگے چلنے کی کوشش کرے وہی وقت کے ساتھ چل پائے گا۔ جو شخص وقت سے آگے بڑھنے کا مزاج رکھتا ہو وہی وقت کو پکڑنے میں کامیاب ہوگا ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ جو شخص وقت سے پہلے تیار ہونے کی کوشش کرے وہی وقت پر تیار ہو کر اپنے کام پر پہنچتا ہے۔ اس کے برعکس، جو آدمی عین وقت پر اپنی تیاری شروع کرے وہ ہمیشہ وقت سے پیچھے رہے گا ۔ ایسا آدمی کبھی ٹھیک وقت پر اپنے کام پر نہیں پہنچ سکتا۔

آدمی اس دنیا میں اکیلا نہیں ہے۔ اور نہ کسی آدمی کو موجودہ دنیا میں سارا اختیار حاصل ہے ۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آدمی کے راستہ میں دوسروں کی طرف سے بار بار مختلف قسم کی رکاوٹیں پیش آتی رہتی ہیں۔ بار بار ایسا ہوتا ہے کہ آدمی اندازہ کچھ کرتا ہے اور ہو کچھ جاتا ہے۔ اس بنا پر وقت کے مطابق کام کرنے کی صورت صرف ایک ہے ۔ وہ یہ کہ ہر کام کے لیے وقت سے کچھ پہلے تیاری شروع کر دی جائے۔ جب آپ کوئی پروگرام بنا ئیں تو اس اتفاقی رکاوٹ کا لحاظ کر کے اپنا پروگرام بنائیں جو غیر متوقع طور پر پیش آکر آپ کے منصوبہ کو بگاڑ دینے والی ہے ۔ اگر آپ اپنے پروگراموں میں اس حکمت کو ملحوظ رکھیں تو یقینی طور پر آپ غیر ضروری قسم کی دخل اندازیوں سے بچ سکتے ہیں۔ اور پھر آپ کے اوپر سیموئل ٹیلر کے یہ الفاظ صادق نہ آئیں گے کہ ’’ مشکل ایسا عذر ہے جس کو تاریخ کبھی قبول نہیں کرتی ‘‘۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

آپ کو ایسے بہت سے لوگ ملیں گے جو ایک ضروری کام نہ کر سکیں گے اور اس کے بعد کہیں گے کہ کیا کریں وقت نہیں ملا۔ یہ وقت نہ ملنے کا واقعہ صرف اس لیے پیش آیا کہ انھوں نے اپنے وقت کو برباد کیا ۔ وقت کی کمی ہمیشہ وقت کی بربادی کی قیمت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر بر وئر نے بالکل صحیح کہا ہے کہ  ’’جو لوگ وقت کا سب سے زیادہ غلط استعمال کرتے ہیں وہی سب سے زیادہ وقت کی کمی کی شکایت کرتے ہیں ‘‘۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

نوٹ یہ تقریر11-12مارچ 1982کو آل انڈیا ریڈیو، نئی دہلی، سے نشر کی گئی۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content