Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Hikmat-e-Ikhtilaf
Hikmat-e-Ikhtilaf

امت میں اختلاف کا مسئلہ

Urdu · 2 min read

امت کے افراد میں دینی مسائل کے بارے میںہمیشہ اختلاف پایا گیا ہے۔ اِس طرح کے اختلافات کے بارے میں کچھ لوگوں نے شدت اختیار کی اور اس کو حق اور ناحق کا مسئلہ بنادیا۔ لیکن علمائے اسلام کی اکثریت یہ مانتی ہے کہ غیر اساسی امور میں اختلاف فطری چیز ہے۔ ایسے اختلافات کو حق اور ناحق کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔ مثال کے طورپر آٹھویں صدی ہجری کے مشہور عالم شمس الدين ابن مفلح (وفات1326ء) نے اپنی کتاب ’’الفروع‘‘ میں اِس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے لکھا ہے کہ علمائے امت کا اختلاف ایک رحمتِ واسعہ ہے اختِلافُهُم رَحمَةٌ واسِعَةٌ (الفروع مع شرحہ تصحیح الفروع،جلد11، صفحہ103)۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

اختلاف کے معاملے کا یہی ایک پہلونہیں ہے کہ اس میں شدت نہ اختیار کی جائے، بلکہ رایوں کے کثرت کو توسّع پر محمول کرتے ہوئے ہر ایک کا احترام کیا جائے۔ اِس کے علاوہ، اِس کا ایک مزید مثبت پہلو بھی ہے۔ اِس معاملے کی طرف ایک روایت میں اشارہ کیا گیا ہےاخْتِلَافُ ‌أُمَّتِي ‌رَحْمَةٌ (المقاصد الحسنۃ للسخاوی،حدیث نمبر 39)۔ یعنی میری امت کا اختلاف ایک رحمت ہے۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

اختلاف سادہ طورپر صرف اختلاف نہیں، وہ رائے میں فرق کا نام ہے۔ اختلاف بند ذہن کو کھولتا ہے۔ رایوں کا فرق (difference of opinions)لوگوں کے اندر ڈسکشن اور ڈائیلاگ کا ماحول پیدا کرتا ہے، وہ فکری ارتقا کا ذریعہ ہے۔یہ اختلاف کا صحت مند پہلو ہے۔ اگر لوگوں میں رائے کا اختلاف نہ ہو تو ایسے گروہ کے اندر ذہنی جمود پیدا ہوجائے گا۔ اِس کے برعکس، جہاں رائے میں فرق پایا جائے، وہاں ذہنی ارتقا کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اِس معاملے میں اصل اہمیت کی بات یہ ہے کہ لوگوں کے اندر علمی ذوق ہو۔ اُن کے اندر طلب پائی جائے۔ وہ کسی تعصب کے بغیر تبادلۂ خیال کرنا جانتے ہوں۔ جن لوگوں کےاندر یہ مزاج ہو، اُن کے لیے اختلاف فکری ارتقا کا ذریعہ بن جائے گا، وہ لوگوں کے اندر تخلیقی صلاحیت پیدا کرنے کا باعث بنے گا، نہ کہ ذہنی جمود اور انتشار پیدا کرنے کا سبب۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content