نمبر 16: مومن اور مومنات۔ قرآن میں مرد اور عورت دونوں کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد ہوا ہے: "اور مومن مرد اور مومن عورتیں ایک دوسرے کے مددگار ہیں"۔ وہ بھلائی کا حکم دیتے ہیں اور برائی سے روکتے ہیں، اور نماز قائم کرتے ہیں اور زکوٰۃ ادا کرتے ہیں، اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جن پر اللہ رحم کرے گا۔
بے شک اللہ زبردست ہے، حکمت والا ہے۔ مومن مردوں اور مومن عورتوں سے اللہ کا وعدہ ہے باغوں کا، کہ ان کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، ان میں وہ ہمیشہ رہیں گے، اور وعدہ ہے ستھرے مکانوں کا ہمیشگی کے باغوں میں، اور اللہ کی رضامندی جو سب سے بڑھ کر ہے۔ یہی بڑی کامیابی ہے۔ التوبہ 71-72۔
قرآن کے اس بیان میں مومن مرد اور مومن عورت دونوں کا ذکر یکساں حیثیت سے کیا گیا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انفرادی حیثیت سے بھی دونوں سے اسلام کا تقاضا یکساں ہے۔ اسی طرح اجتماعی حیثیت سے بھی دونوں سے یکساں عمل مطلوب ہے۔ اس اجتماعی پہلو کا اشارہ قرآن کے ان الفاظ میں ملتا ہے کہ "بعضهم أولياء بعض"۔
التوبہ 71۔ اسی طرح قرآن کے اس بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ عورت اور مرد دونوں کا معاملہ آخرت کے اعتبار سے بھی یکساں ہے۔ جو عمل ایک مرد کو جنت میں داخلے کا استحقاق دے گا، اسی عمل سے عورت بھی جنت میں داخلے کی مستحق قرار پائے گی۔ کتاب عورت معمار انسانیت مولانا وحید الدین خان، صفحہ نمبر 34۔
اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔
Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.