Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Al-Risala March 2022
Al-Risala March 2022

دوررس کلام

Urdu · 2 min read

قرآن کی سورہ النساء میںکامیاب کلام کاذکر کیا گیا ہے۔ پیغمبر سے خطاب کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جولوگ بظاہر انکار کی روش اختیار کیے ہوئے ہیں ان کو کس طرح اقرار کی روش پر لایا جائے۔ چنانچہ ارشاد ہوا ہےفَأَعْرِضْ عَنْہُمْ وَعِظْہُمْ وَقُلْ لَہُمْ فِی أَنْفُسِہِمْ قَوْلًا بَلِیغًا (4:63)۔ یعنی، پس تم ان سے اعراض کرو اور ان کو نصیحت کرو اور ان سے ایسی بات کہوجو ان کے دلوں تک پہنچنے والی ہو۔

original + quoteOriginal text with a quotation or mention inside it

قول بلیغ سے مراد وہ کلام ہے، جو آدمی کے ذہن کو ایڈریس (address) کرنے والا ہو۔ جوآدمی کو نئی سوچ میں ڈال دے۔اس کلام سے انسان کو ٹیک اوے (takeaway)ملے۔ اس سےانسان کی غفلت ٹوٹے۔ اس کے اندر نیا تفکیری عمل (thinking process) جاری ہوجائے۔ وہ چیزوں پر ازسر نو غور کرنے لگے۔اس کے اندر محاسبہ خویش کا مزاج پیدا ہوجائے۔ اس کا رائے قائم کرنے کا طریقہ بدل جائے، وہ ایک سنسیر (sincere)انسان بن جائے۔

جب کوئی شخص کسی بات کو ماننے سے انکار کرتا ہے تو اس کا یہ انکار سادہ طور پر محض انکار نہیں ہوتا، بلکہ اس کا سبب یہ ہوتا ہے کہ ذہنی کنڈیشننگ کی بنا پر وہ بات اس کی سمجھ میں نہیں آتی ۔ لمبی مدت تک ایک خاص فکری ماحول میں رہنے کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے کہ وہ چیزوں کو ایک خاص زاویہ سے دیکھنے لگتا ہے۔ اس لیے وہ چیزوں کو کسی اور زاویہ سے دیکھ نہیں پاتا۔ اکثر حالات میں کسی انسان کاانکار اس کی فکری مجبوری کی بنا پر ہوتا ہے ، نہ کہ دانستہ سرکشی کی بنا پر۔

ایسی حالت میں ضرورت ہوتی ہے کہ صبر آزما کوشش کے ذریعہ اس کے اندرنئی سوچ لائی جائے۔ اس کے ذہن کے اوپر پڑے ہوئے پردوں کو ہٹادیا جائے۔ مصلح کاکام یہ ہے کہ وہ لوگوں کی منفی روش کو نظرانداز کرتے ہوئے خیر خواہانہ طور پر ان کو سمجھا نے بجھا نے کا طریقہ جاری رکھے۔ وہ ان کے ذہن پر پڑے ہوئے پردوں کو اس طرح ہٹائے کہ سچائی کی بات کسی رکاوٹ کے بغیر اس کے ذہن تک پہنچ جائے۔ جب ایسا ہو گا تو اس کے لیے سچائی کااعتراف اسی طرح آسان بن جائے گا جس طرح کسی باپ کے لیے اپنے بیٹے کو پہچاننا آسان ہوتا ہے۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content