Maulana Wahiduddin Khan
2 min left
0:00

← Al-Risala july 2008
Al-Risala july 2008

فخر، تواضع

Urdu · 2 min read

فخر تمام برائیوں کی جڑ ہے، اور تواضع تمام خوبیوں کا سرچشمہ۔ کسی آدمی کو پہچاننا ہو، تو اِنھیں دو چیزوں کے ذریعے اس کی شخصیت کو پہچانا جاسکتا ہے۔ جس آدمی کے اندر فخر کی نفسیات ہو، وہ ہر اعتبار سے ایک غیر مطلوب شخصیت کا حامل ہوگا، اور جس آدمی کے اندر تواضع کی نفسیات ہو، اس کی شخصیت کے اندر تمام مطلوب اوصاف پائے جائیںگے۔

جس سماج میں لوگ فخر والا مزاج رکھتے ہوں، وہ سماج منفی نفسیات کا جنگل ہوگا۔ فطرت کے نظام کے تحت، ہر سماج میںکچھ لوگ چھوٹے ہوتے ہیں اور کچھ لوگ بڑے۔ اب ایسے سماج میں یہ ہوگا کہ ایک شخص جس آدمی کو اپنے سے کم پائے گا، اس کو وہ حقیر سمجھ لے گا، اور جس آدمی کو وہ اپنے سے زیادہ دیکھے گا، اس کے بارے میں وہ حسد اور جلن کی نفسیات میں مبتلا ہوجائے گا۔ ایسے سماج میں کوئی بھی شخص معتدل نفسیات کا حامل نظر نہیں آئے گا۔

اِس کے برعکس معاملہ تواضع (modesty) کا ہے۔ جس آدمی کے اندر تواضع کی نفسیات پائی جائے، اس کا حال یہ ہوگا کہ وہ ہر چیز کو خدا کی نسبت سے دیکھے گا، نہ کہ انسان کی نسبت سے۔ اس کو چھوٹا آدمی بھی ایک انسان نظر آئے گا، اور بڑا آدمی بھی ایک انسان۔ وہ لوگوں کو انسان بمقابلہ انسان (man versus man)کی نظر سے نہیںدیکھے گا،بلکہ وہ لوگوں کو انسان بمقابلہ خدا (man versus God) کی نظر سے دیکھے گا۔ یہ مزاج اس کے اندر سے کبر اور حسد جیسی نفسیات کا خاتمہ کردے گا۔ وہ اِس کو سب سے بڑا کام سمجھے گا کہ وہ اپنا بے لاگ جائزہ لے کر اپنی کمیوں کو جانے اور ان کی اصلاح کرے، وہ اپنا محاسبہ (introspection) کرکے اپنی ذمے داریوں کو جانے اور ان کو پورا کرے۔

تواضع در اصل حقیقت کے اعتراف (acknowledgement)کا دوسرا نام ہے، اور فخر حقیقت کے انکار کا دوسرا نام۔ اِس دنیا میں حقیقت کا اعتراف تمام خوبیوں کا سرچشمہ ہے، اور حقیقت کا انکار تمام برائیوں کا سرچشمہ۔

Highlights
Reading

اللہ کی معرفت دین کی روح ہے۔ معرفت کے بغیر دین ایک بے جان صورت بن جاتا ہے۔

Typeface
Page
Background
Text sizeAaAa
Line spacing
Word spacing
Paragraphs
Alignment
First line
Listening
Speed
Keep readingwhere playback stops
Related content

Nothing is attached to this chapter yet — no quoted source it cites, and no lecture where the same passage is discussed.